1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیل ہو گئی، ایرانی سرحد محافظ واپس لوٹ گئے

15 جنوری 2012

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی ایک عدالت نے اُن تین ایرانی سرحدی محافظوں کی رہائی کا حکم دے دیا ہے، جو مبینہ طور پر پاکستانی سرحد میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تھے اور فائرنگ کر کے ایک پاکستانی شہری کو ہلاک کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/13jvK
تصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے عدالتی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ تینوں ایرانی سرحدی محافظ آج اتوار کو ایران واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول کے لواحقین کے ساتھ ایک ڈیل کے تحت ان کی رہائی ممکن ہوئی۔ واشک کے ڈپٹی کمشنر سعید احمد جمالی نے بتایا، ’تینوں ایرانی سرحدی محافظوں کو عدالت کی طرف سے رہائی دیے جانے کے بعد ایران روانہ کر دیا گیا ہے‘۔

تینوں ایرانی بارڈر گارڈزمبینہ طور پر دو جنوری کو ایران کی سرحد سے ملحق بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تھے۔ ایرانی حکام کے مطابق وہ اسمگلروں کا تعاقب کرتے ہوئے غلطی سے سرحد عبور کر گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق یہ گارڈز پاکستانی سرحد عبور کرتے ہوئے تین کلو میٹر اندر آئے اور انہوں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

Karte Baluchistan englisch Flash-Galerie

ان گارڈز کی رہائی کے لیے پاکستان اور ایران کے حکام کے مابین مذاکرات بھی ہوئے تھے، جن کی ناکامی کے بعد ان گارڈز پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ آج اتوار کو سعید احمد جمالی نے بتایا کہ ہفتہ کے دن مقتول کے والدین نے مقامی عدالت میں ایک ڈیل کی تحت ان ایرانی باشندوں کو معاف کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق عدالت نے غیر قانونی طور پر پاکستانی سرحد عبور کرنے کے جرم میں ان ایرانی سرحدی محافظوں کو فی کس نو ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کے نتیجے میں انہیں سزائے قید بھی سنائی جا سکتی تھی۔

جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا تھا، وہ ایران اور پاکستان کا ایسا سرحدی علاقہ ہے، جہاں اسمگلنگ کے واقعات سے ایران اور پاکستان کے حکام تنگ ہیں۔ اگرچہ دونوں ممالک نے سرحد پار ہونے والی اسمگلنگ کے سدباب کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں تاہم ابھی تک ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں