1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تین ایرانی سرحدی محافظ پاکستان میں گرفتار

2 جنوری 2012

تین ایرانی سرحدی محافظوں کو پاکستانی سرحد میں داخل ہو کر ایک پاکستانی کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ نئے سال کے پہلے دن ہی پاکستان بھر میں مختلف پرتشدد واقعات میں چار فوجی اور بارہ جنگجو مارے گئے۔

https://p.dw.com/p/13cgN
تصویر: AP

صوبہ بلوچستان کے حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کو واشک ڈسٹرکٹ کے مازان سار ماشکیل نامی علاقے میں پیش آیا۔ یہ مقام ایرانی سرحد سے تین کلو میٹر کی دوری پر واقعہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ تینوں ایرانی سرحدی محافظ ایک گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی سرحد میں داخل ہوئے اور انہوں نےکار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو پاکستانی شہری زخمی ہوگئے اور ان میں اس ایک بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

واشک ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر سعید احمد جمالی نے اے ایف پی کو بتایا، ’تینوں ایرانی سرحدی محافظوں کو پاکستانی سرحد میں داخل ہونے اور ایک پاکستانی کو ہلاک کرنے کے کے الزامات میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ ایرانی محافظ ان بھائیوں کو ایران لے جانا چاہتے تھے۔

Karte Baluchistan englisch Flash-Galerie

ماشکیل کا علاقہ کوئٹہ کےجنوب مغرب سے چھ سو کلو میٹر دور واقع ہے۔ ایران کے صوبے سیستان بلوچستان سے ملحق یہ پاکستانی علاقہ بلوچستان صوبے میں دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ پر تشدد خیال کیا جاتا ہے۔

دوسری طرف نئے سال کے پہلے دن ہی پاکستان بھر میں تشدد کے تین مختلف واقعات میں چار فوجی اور درجن بھر شدت پسند مارے گئے۔ پہلا واقعہ باجوڑ ایجنسی میں پیش آیا۔ جہاں ریموٹ کنٹرول بم سے ایک دکان پر حملہ کیا گیا۔ اس واقعہ میں طالبان مخالف ایک مقامی جنگجو مارا گیا۔ اس حملے مین متعدد شہری زخمی بھی ہوئے۔

دوسرا پر تشدد واقعہ بلوچستان کے سوئی نامی علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک ہوئے۔ علاقے میں تعینات نیم فوجی دستوں کے ترجمان نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حملے میں دو فوجی زخمی بھی ہوئے۔

یکم جنوری سن 2012 کو پیش آنے والے تیسرے پر تشدد واقعہ میں درجن بھر طالبان باغی اور ایک فوجی ہلاک ہوا۔ افغان سرحد سے ملحق خیبر ایجنسی کے مقام لنڈی کوتل میں پیش آنے والے اس واقعہ میں مقامی طالبان باغیوں کا ایک اہم کمانڈر بھی مارا گیا۔ پاکستان کے خفیہ اہلکاروں نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اے ایف پی کو بتایاکہ مخبری کے بعد طالبان باغیوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں