1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی خاتون اور بھارتی عاشق کی ایک نئی لَو اسٹوری

جاوید اختر، نئی دہلی
29 جولائی 2024

لاہور کی ایک پچیس سالہ خاتون اپنے دو بچوں کو چھوڑ کر اپنے عاشق کے ساتھ رہنے کے لیے بھارت پہنچ گئی ہیں۔ گزشتہ سال سیما حیدر نامی ایک پاکستانی خاتون نے بھی اپنے محبوب کے لیے اپنا وطن چھوڑ دیا تھا اور بھارت میں رہ رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4iqyy
مہوش اور رحمان کی ملاقات فیس بک پر ہوئی اور دونوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نکاح کیا
مہوش اور رحمان کی ملاقات فیس بک پر ہوئی اور دونوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نکاح کیاتصویر: Divyakant Solanki/dpa/picture alliance

پڑوسی ہونے کے باوجود اپنے سیاسی اختلافات کی وجہ سے بھارت اور پاکستان میں دوریاں کم ہوتی نظر نہیں آرہی ہیں لیکن دوسری طرف سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ غیر متوقع طریقے سے اس خلیج کو پاٹنے میں مدد گار ثابت ہو رہے ہیں۔ اس کی تازہ ترین مثال پچیس سالہ پاکستانی خاتون مہوش کی ہے جن کی بھارتی شہری رحمان سے فیس بک پر دوستی ہوئی اور ان کی شریک حیات بننے کے لیے سرحد پار کرکے بھارت پہنچ گئیں۔

محبت کی نئی کہانی

بھارتی روزنامے 'دی انڈین ایکسپریس' کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی رہائشی 25سالہ مہوش واہگہ بارڈر پار کر بھارت پہنچیں، جہاں سے ان کے شوہر 30سالہ رحمان کے گھر والے ان کو اپنے ساتھ بھارتی صوبے راجستھان کے بیکانیر شہر میں اپنے گھر لے گئے۔ مہوش اور رحمان کی ملاقات فیس بک پر ہوئی تھی۔

سیما حیدر پاکستانی جاسوس ہیں، یا پھر بھارتی ایجنٹ؟

'اے محبت تیرے انجام پہ رونا آیا'، پاکستانی خاتون بھارتی جیل میں

مہوش نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لاہور کی رہنے والی ہیں، جب وہ دو سال کی تھیں تو ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا اور جب دس سال کی ہوئیں تو ان کے والد بھی چل بسے۔ اس کے بعد اپنی بہن سہیمہ کے پاس اسلام آباد چلی گئیں۔ وہاں انہوں نے بیوٹی پارلر کی تربیت حاصل کی اور گزشتہ ایک دہائی سے اپنا بیوٹی پارلر چلارہی تھیں۔

ارے مگر پیار ہوتا کیوں ہے؟

مہوش کے مطابق سن 2006 میں بادامی باغ کے ایک شخص سے ان کی شادی ہوئی، جس سے بارہ اور سات سال کے ان کے دو بیٹے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سن 2018 میں ان کا طلاق ہو گیا۔

گزشتہ سال سیما حیدر نامی ایک پاکستانی خاتون ایک بھارتی شہری سچن مینا کی محبت میں اپنا وطن چھوڑ کر چار بچوں کے ساتھ بھارت آگئی تھیں
گزشتہ سال سیما حیدر نامی ایک پاکستانی خاتون ایک بھارتی شہری سچن مینا کی محبت میں اپنا وطن چھوڑ کر چار بچوں کے ساتھ بھارت آگئی تھیںتصویر: Bhuvan Bagga/AFP

رحمان سے ملاقات اور شادی

مہوش کے مطابق فیس بک پر ان کی ملاقات رحمان سے ہوئی۔ وہ کویت میں ٹرانسپورٹر کا کام کرتے تھے۔ مہوش نے رحمان کے ساتھ شادی کرنے کی متعلق اپنی بہن اور بہنوئی سے مشورہ کیا۔ 16مارچ 2022 کودونوں کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نکاح ہو گیا۔

پاکستانی لڑکی سے ملنے بھارتی شہری پیدل ہی سرحد پار کرنے نکل پڑا

مہوش نے بتایا کہ بعد میں وہ سن 2023 میں عمرہ کے لیے مکہ گئیں جہاں رحمان کے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی اور ایک بار پھر باضابطہ نکاح پڑھایا گیا۔جس کے بعد انہوں نے اپنی شادی کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا۔

 اس اعلان کے بعد ہی دونوں کے رشتہ داروں کو نکاح کا علم ہوا۔

محبت کی کہانی میں ایک نیا ٹوئسٹ

مہوش45دن کے سیاحتی ویزے پر 25 جولائی کو بھارتی سرحد میں داخل ہوئیں۔ میڈیا میں ان کی محبت کی خبرشائع ہونے کے بعد انٹلیجنس اور سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ مقامی پولیس نے بھی ان سے پوچھ گچھ کی اور ان کے پاسپورٹ اور ویزے کی تصدیق کی ہے۔

اس دوران معلوم ہوا کہ رحمان پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں اور فریدہ نامی خاتون سے ان کے دو بچے بھی ہیں۔ دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے فریدہ فی الحال اپنے والدین کے ساتھ رہ رہی ہیں۔

جب مہوش اور رحمان کے محبت کی خبر انہیں معلوم ہوئی تو انہوں نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور کہا کہ رحمان نے انہیں قانونی طور پر طلاق نہیں دیا تھا اور وہ دوسری شادی نہیں کرسکتا۔ فریدہ نے مہوش پر پاکستانی جاسوس ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال سیما حیدر نامی ایک پاکستانی خاتون ایک بھارتی شہری سچن مینا کی محبت میں اپنا وطن چھوڑ کر چار بچوں کے ساتھ بھارت آگئی تھیں۔ وہ ان دنوں دہلی میں رہ رہی ہیں۔