1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

غزہ سیز فائر، حماس کا موقف اچانک نرم کیسے؟

8 جولائی 2024

مشرق وسطیٰ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے متعدد حکام کا خیال ہے کہ غزہ میں اسرائیلی عسکری کارروائیوں کی وجہ سے ہونے والی تباہی، سیز فائر کے حوالے سے حماس کے موقف میں نرمی کی وجہ ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/4i0l1
Gaza | Nahostkonflikt | Rafah
تصویر: Ohad Zwigenberg/picture alliance/AP

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے مشرق وسطیٰ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے متعدد حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ ممکنہ فائربندی معاہدے کے حوالے سے فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے موقف میں اچانک تبدیلی کی وجہ غزہ کی تباہ حالی ہو سکتی ہے۔

ویک اینڈ پر اچانک حماس کی جانب سے فائربندی معاہدے کے لیے ایک دیرینہ مطالبہ ختم کر دیا گیا تھا، جس میں اسرائیل سے جنگ مکمل طور پر روکنے کا کہا جا رہا تھا۔ حماس کے موقف میں اس تبدیلی کے بعد غزہ میں فائربندی کے حوالے سے جاری بین الاقوامی کوششوں میں پیش رفت کی امید کی جا رہی ہے۔

غزہ کی جنگ کے نو ماہ مکمل، حملوں اور ہلاکتوں کا سلسلہ جاری

غزہ میں طبی بحران پر امریکی کارکنوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اتوار کے روز اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوجی دباؤ، بشمول غزہ کےجنوبی شہر رفحمیں گزشتہ دو ماہ سے جاری بڑی عسکری کارروائیوں نے حماس کو مذاکرات پر مجبور کیا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی حملے کے بعد کا ایک منظر
غزہ کے ایک علاقے میں اسرائیلی حملے کے بعد کا ایک منظرتصویر: Omar Ashtawy/APA/IMAGO

حماس کے اندرونی مراسلے لیک

واضح رہے کہ حماس نے سن دو ہزار سات میں غزہ کا انتظام سنبھالا تھا اور یہ عسکری تنظیم اسرائیل کے مکمل خاتمے کا ارادہ ظاہر کرتی رہی ہے۔ تاہم خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے حماس کے اندرونی مراسلوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس تنظیم کے غزہ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیدار جلاوطن سیاسی قیادت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہفائربندی سے متعلق امریکی مسودہ قبول کرے۔

اس عسکری گروہ کے اندرونی مراسلوں میں کہا جا رہا ہے کہ حماس کو میدان جنگ میں بھاری نقصان کا سامنا ہے جب کہ غزہ پٹی کا علاقہ تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

یہ تو واضح نہیں کہ آیا یہ اندرونی دباؤ ہی ویک اینڈ پر حماس کے موقف کی اچانک تبدیلی کی وجہ بنا، تاہم اس سے اس عسکری تنظیم کے اندر موجود تقسیم واضح نظر آتی ہے۔

امریکی حکام نے حماس کے ان مراسلوں پر بات چیت پر تبصرہ کرنے سے احتراز برتا ہے، تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس کو ایک امریکی خفیہ عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حماس کو ہونے والا بھاری نقصان فائربندی سے متعلق اس کے موقف کی تبدیلی کی وجہ بنا ہے۔

اسرائیل گزشتہ نو ماہ سے زمینی اور فضائی کارروائیوں میں مصروف ہے
اسرائیل گزشتہ نو ماہ سے زمینی اور فضائی کارروائیوں میں مصروف ہےتصویر: Jack Guez/AFP/Getty Images

ایسوسی ایٹڈ پریس نے دو امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن حماس کے اندر موجود تقسیمسے آگاہ ہے اور یہ تقسیم، غزہ کی تباہی، مصر اور قطر سمیت ثالث ممالک کا دباؤ ممکنہ طور پر حماس کے موقف میں لچک کی وجہ ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے حکام نے حماس کے اندرونی مراسلے شیئر کیے تھے، جن میں غزہ میں موجود حماس کی اعلیٰ ترین قیادت کی جانب سے قطر میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سے بھاری جانی نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے استدعا کی گئی تھی کہ وہ فائربندی معاہدے کو تسلیم کریں۔

حزب اللہ کی عسکری صلاحیتیں کتنی جدید ہیں؟

حماس کے ترجمان جہاد طحہٰ نے تاہم اس عسکری تنظیم میں داخلی تقسیم کے دعووں کو رد کیا ہے۔ واضح رہےکہ انٹیلی جنس حکام نے حماس کے داخلی رابطوں کی عربی زبان میں تحریریں خبر رساں ادارے اے پی کو مہیا کیں، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ مراسلے کیسے حاصل کیے گئے تھے۔

ع ت / ا ا، م م (اے پی، اے ایف پی)