1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان حکومت نے افغان پولیس کے لیے رہنما ضابطے جاری کر دیے

23 فروری 2022

افغانستان میں طالبان کی حکومت نے ملکی پولیس کی طرف سے عام شہریوں سے بےجا زیادتی، ان پر تشدد اور سول ہلاکتوں کے مسلسل بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کے لیے نئے رہنما ضابطے جاری کر دیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/47U9k
Afghanistan | Taliban | Hamid Karzai International Airport in Kabul
تصویر: REUTERS

کابل میں افغان وزارت داخلہ کی طرف سے یہ نیا ضابطہ اخلاق اس لیے جاری کیا گیا کہ ملکی پولیس فورس کی طرف سے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعات پر عوامی تنقید اور بے چینی بڑھتی جا رہی تھیں۔ حالیہ کچھ عرصے میں تو ملک کے مختلف حصوں میں پولیس کی شہریوں سے زیادتیوں کے ایسے متعدد واقعات میں خواتین سمیت کئی شہری ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

پولیس اور سکیورٹی کے سابقہ اہلکار قتل یا لاپتہ ہو رہے ہیں، ایچ آر ڈبلیو

افغانستان میں طالبان کی حکومت میں سراج الدین حقانی قائم مقام وزیر داخلہ کے منصب پر فائز ہیں۔ ان کی طرف سے جاری کردہ کئی ہدایات کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے منگل بائیس فروری کی رات آن لائن پوسٹ کیں۔ یہ ہدایات اس پس منظر میں بھی جاری کی گئی ہیں کہ ہندوکش کی اس ریاست میں طالبان کی طرف سے رات کے وقت گھروں پر مارے جانے والے چھاپوں کے واقعات بھی بہت زیادہ رپورٹ ہوئے تھے۔

پولیس فورس کے لیے نئی ہدایات

سراج الدین حقانی نے، جن کے خلاف اقوام متحدہ نے اب تک پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، افغان پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ عام شہریوں کی تذلیل، ان پر تشدد یا انہیں ہراساں کرنے سے باز رہیں۔

افغانستان: طالبان نے برطانوی اور امریکی شہری حراست میں لے لیے، وجہ نامعلوم

ساتھ ہی پولیس اہلکاروں کو پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ رات کے وقت کسی بھی مشتبہ ملزم کی تلاش میں اس کے گھر میں کسی عدالتی حکم نامے کے بغیر داخل نہیں ہو سکتے۔ تاہم اگر تفتیش کے لیے بہت ضروری ہو، تو دن کے وقت پولیس اہلکاروں کو کسی مشتبہ ملزم کے گھر میں داخل ہونے کی اجازت صرف اسی وقت ہو گی، جب ان کے ساتھ کوئی مقامی عوامی نمائندہ یا کسی مسجد کا امام بھی ہو۔

بدحال افغانستان میں دہشت گردی کے خطرات مسلسل بڑھتے ہوئے

اس کے علاوہ وزارت داخلہ نے پولیس کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ اس کے اہلکار معمول کے گشت کے دوران کسی پر بھی اس وقت تک فائرنگ نہیں کر سکیں گے، جب تک کہ خود ان پر حملہ نہ کیا جائے۔

طالبان پولیس کے ہاتھوں ہلاکتوں کے تازہ واقعات

افغانستان میں پولیس کی زیادتیوں اور پولیس اہکاروں کے ہاتھوں ہلاکتوں کے حالیہ واقعات میں ایسے واقعات بھی شامل ہیں، جن میں مختلف چیک پوسٹوں پر پولیس نے عام شہریوں کی گاڑیوں پر فائرنگ کر دی تھی۔

ایسے تازہ واقعات میں ایک ڈاکٹر، ایک بچہ اور ایک سابق حکومتی اہلکار بھی مارے گئے تھے۔ پولیس نے فائرنگ کی وجہ یہ بتائی تھی کہ یہ گاڑیاں متعلقہ چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے لیے واضح اشاروں کے باوجود روکی نہیں گئی تھیں۔

طالبان کی واپسی نے افغان خواتین کی زندگی کیسے بدل کر رکھ دی؟

ساتھ ہی سوشل میڈیا پر نظر آنے والی ایسی ویڈیوز میں بھی حال ہی میں کافی اضافہ ہو گیا تھا، جن میں عام شہری طالبان کی طرف سے رات کے وقت گھروں پر مارے جانے والے چھاپوں اور تلاشی کے عمل کے خلاف احتجاج کرتے دکھائی دیے۔

افغانستان میں ایسی رپورٹیں تقریباﹰ روزانہ سننے یا پڑھنے میں آتی ہیں، جو پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں دانستہ گرفتاریوں، تشدد، اغوا یا ماورائے عدالت قتل کے واقعات سے متعلق ہوتی ہیں۔

م م / ک م (ڈی پی اے، ٹوئٹر)