1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں کیے گئے جرائم، بین الاقوامی عدالت کا وفد دمشق میں

18 جنوری 2025

بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ایک وفد نے اس عدالت کے مستغیث اعلیٰ کریم خان کی قیادت میں دمشق میں شام کے عبوری رہنما احمد الشرح سے ملاقات کی، جس میں شامی خانہ جنگی کے دوران کیے گئے جرائم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/4pJlW
اسد دور کے خاتمے کے بعد تحقیقات کے دوران صیدنایا کی شامی جیل میں ایک شخص رسی کا ایک خون آلود پھندا ہاتھ میں پکڑے ہوئے صحافیوں کو دکھا رہا ہے
اسد دور کے خاتمے کے بعد تحقیقات کے دوران صیدنایا کی شامی جیل میں ایک شخص رسی کا ایک خون آلود پھندا ہاتھ میں پکڑے ہوئے صحافیوں کو دکھا رہا ہےتصویر: Anagha Subhash Nair/Anadolu/picture alliance

طویل عرصے تک خانہ جنگی کا شکار رہنے والے ملک شام کے دارالحکومت دمشق سے ہفتہ 18 دسمبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق انٹرنیشنل کریمینل کورٹ (آئی سی سی) کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کی قیادت میں اس بین الاقوامی عدالت کے ایک وفد نے جمعے کے روز شام کے عبوری رہنما احمد الشرع سے دمشق میں ملاقات کی۔

جرمنی سے مہاجرین کی عجلت میں واپسی غیر ضروری، شامی وزیر خارجہ

اس ملاقات میں شام کے عبوری وزیر خارجہ سعد الشیبانی بھی موجود تھے اور اس میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے مستغیث اعلیٰ نے نئی شامی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ اس انٹرنیشنل کورٹ اور عبوری حکومت کے مابین ابتدائی رابطوں میں دمشق حکومت نے ''بہت کھلے پن کے ساتھ تعمیری طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔‘‘

شام کے نئے انتخابات میں چار سال کا وقت لگ سکتا ہے، احمد الشرع

شام کے عبوری رہنما احمد الشرع
شام کے عبوری رہنما احمد الشرعتصویر: Khalil Ashawi/REUTERS
آئی سی سی کے مستغیث اعلیٰ کریم خان
آئی سی سی کے مستغیث اعلیٰ کریم خانتصویر: EBRAHIM HAMID/AFP

وفد کے دورے کا مقصد

بین الاقوامی فوجداری عدالت اور شام کی عبوری حکومت کے مابین ابتدائی رابطوں اور ان کے بعد اس عدالت کے ایک وفد کے دورہ دمشق کا مقصد ایک ایسی شراکت داری کو یقینی بنانا ہے، جس کے نتیجے میں ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے دوران شام میں کیے جانے والے جرائم کے مرتکب افراد کو، جہاں تک ممکن ہو سکے، قانوناﹰ جواب دہ بنایا جا سکے۔

شام کی حمایت پر بات چیت کے لیے عرب ممالک اور یورپی یونین کے سفارت کار سعودی عرب میں

اس ملاقات کے بعد آئی سی سی کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا، ''آئی سی سی شام میں جرائم کے ارتکاب پر متعلقہ عناصر کو جواب دہ بنانے کے لیے شامی حکومت کے ساتھ تعمیری تبادلہ خیال پر اس کی شکر گزار ہے۔‘‘

داعش کی طرف سے شیعہ درگاہ کو تباہ کرنے کی سازش ناکام بنا دی، شامی حکام

نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کی عمارت
نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کی عمارتتصویر: Peter Dejong/AP/picture alliance

شام آئی سی سی کا رکن ملک نہیں

مشرق وسطیٰ کی ریاست شام بین الاقوامی فوجداری عدالت کی رکن نہیں ہے۔ اس لیے اس انٹرنیشنل کورٹ کو شامی سرزمین پر ہونے والے جرائم سے متعلق مقدمات کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔

یورپی یونین شام پر عائد پابندیاں بتدریج نرم کر سکتی ہے

لیکن اب موجودہ شامی حکومت اور اس بین الاقوامی عدالت کے مابین رابطوں کا پس منظر یہ بھی ہے کہ دمشق میں عبوری حکومت کا مطالبہ ہے کہ سابق صدر بشار الاسد کے دور میں جو حکام جرائم کے مرتکب ہوئے، انہیں ان جرائم کے لیے جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔

جرمنی شام پر یورپی یونین کی پابندیوں میں نرمی کے لیے کوشاں

شام میں احمد الشرع کی قیادت میں اور ہیئت تحریر الشام نامی اپوزیشن گروہ کی سربراہی میں دمشق حکومت کی مخالف قوتیں گزشتہ ماہ صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔

دمشق کے نواح میں اسد دور کی صیدنایا فوجی جیل کی فضا سے لی گئی ایک تصویر، جہاں ہزاروں افراد کو ہلاک کیا گیا
دمشق کے نواح میں اسد دور کی صیدنایا فوجی جیل کی فضا سے لی گئی ایک تصویر، جہاں ہزاروں افراد کو ہلاک کیا گیاتصویر: Izettin Kasim/Anadolu/picture alliance

اس دوران دو عشروں سے بھی زائد عرصے تک اقتدار میں رہنے والے صدر بشار الاسد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ملک سے فرار ہو کر روس چلے گئے تھے، جہاں انہوں نے پناہ لے رکھی ہے۔

اسد دور میں شام میں بیسیوں ہزار افراد کو حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی جیلوں میں یا تو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا یا انہیں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

شام میں متعدد غیرملکی جنگجوؤں کے لیے اعلیٰ فوجی عہدے

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اسد دور میں دمشق کے نواح میں صرف صیدنایا کی بدنام زمانہ جیل میں ہی ہزاروں افراد قتل کر دیے گئے تھے۔

یہ ہلاک شدگان زیادہ تر ایسے عام شہری تھے، جو اسد حکومت کے مخالف تھے۔

م م / ع ت (ڈی پی اے، اے ایف پی)

بشار الاسد کے بعد شام کا مستقبل کیسا ہو گا؟