1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کی بھارت کے لیے بیس ملین یورو کی امداد

30 اپریل 2020

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا ہے کہ برلن حکومت نئے کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے نئی دہلی حکومت کے ساتھ تعاون کر کے خوشی محسوس کرے گی۔

https://p.dw.com/p/3bbwy
Indien | Coronavirus: Frauen untersuchen die Temperatur  von Einwohnern aus Dharavi
تصویر: Reuters/F. Mascarenhas

بھارتی دارالحکومت میں واقع جرمن سفارتخانے کے ترجمان ہنس کرسٹیان ونکلر نے بتایا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھارتی وزیرا عظم نریندری مودی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں کووڈ انیس کی عالمی وبا پر قابو پانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

جرمن سفارتخانے کی طرف سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق انگیلا میرکل نے کہا ہے نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کی خاطر بھارت کو بیس ملین یورو کی امداد فراہم کی جائے گی۔

پانچ ملین یورو جرمن ترقیاتی تنظیم جی آئی زیڈ کے ذریعے خرچ کی جائے گی، جس میں طبی شعبے میں بہتری کے اقدامات شامل ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس امداد سے ہسپتالوں کو طبی آلات سے لیس بنایا جائے گا، نجی لیبارٹریوں میں کووڈ انیس کے ٹیسٹ کی استعداد کاری بہتر بنائی جائے گی اور نرسنگ اسٹاف کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ زیادہ مؤثر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ کام سر انجام دے سکے۔

جرمن تنظیم جی آئی زیڈ کی زیر نگرانی اس امدادی پروگرام کے تحت بنیادی طبی انفراسٹریکچر کو اس قابل بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ صحت عامہ کا شعبہ اس عالمی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے نئے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکے۔

 اس کے علاوہ کے ایف ڈبلیو پندرہ ملین یورو کی رقوم فراہم کرے گا، جو ضروری طبی سامان کی خریداری میں استعمال کی جائیں گی۔ یہ امدادی پروگرام یونیسیف کے ساتھ شراکت میں پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا۔

اس گرانٹ کی مدد سے بھارت میں ذاتی حفاظتی ساز وسامان، حفاظتی ماسک وغیرہ کے علاوہ مصنوعی آلات تنفس (وینٹی لیٹرز) کو بڑے پیمانے پر دستیاب بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ اس مخصوص مالی مدد کے لیے بھارتی وزارت صحت کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور بعد ازاں ضروری سامان خریدا جائے گا۔

نئی دہلی میں جرمن سفارتخانے کے مطابق برلن حکومت بھارت کو آسان شرائط پر قرض دینے کے لیے بھی تیار ہے تاکہ بھارتی حکومت اس عالمی وبا سے مقابلے کی خاطر سماجی سطح پر اپنا ردعمل زیادہ بہتر بنا سکے۔

ع ب / ع ا 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید