1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ریاست گجرات میں بجلی گرنے، بارشوں سے متعدد ہلاکتیں

جاوید اختر، نئی دہلی
27 نومبر 2023

بھارتی ریاست گجرات میں بے موسمی بارشوں کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق آسمانی بجلی گرنے اور شدید بارشوں سے گزشتہ دو روز میں چوبیس افراد ہلاک اور تیئیس زخمی ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4ZTb8
حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے دو دنوں میں چوبیس افراد ہلاک اور تیئیس زخمی ہو چکے ہیں
حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے دو دنوں میں چوبیس افراد ہلاک اور تیئیس زخمی ہو چکے ہیںتصویر: dapd

بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں گزشتہ دو دنوں سے زبردست بارش ہو رہی ہے۔ ریاستی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار سے پیر کی صبح تک 144ملی میٹر بارش ہو چکی تھی۔ نومبر کے مہینے میں ژالہ باری کے ساتھ ہونے والی یہ بارش غیر معمولی ہے۔

بارش کی وجہ سے سینکڑوں مکانات تباہ اور مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ریاستی محکمہ موسمیات نے آج پیر ستائیس نومبر کے روز بھی ریاست کے کئی حصوں میں زبردست بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

بھارت: سیلاب کی وجہ سے تقریباً دو درجن فوجی لا پتہ

ریاستی وزیر زراعت راگھووج پٹیل نے پیر کے روز بتایا، ''حکومت نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے جلد ہی سروے شروع کرے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس سروے کے نتائج کی بنیاد پر ہی متاثرین کو تلافی رقوم ادا کی جائیں گی۔

بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب کے اوپر اور اس سے ملحق سوراشٹرا اور کَچھ کے علاقوں میں سمندری ہوا کے دباؤ کی وجہ سے یہ غیر موسمی بارش ہو رہی ہے۔

بھارت میں زمین کھسکنے سے متعدد ہلاکتیں

آئی ایم ڈی کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری دباؤ کی وجہ سے مہاراشٹر، راجستھان اور جنوب مغربی مدھیہ پردیش میں بھی بارشیں ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش، جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے کچھ علاقوں میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔

ہماچل پردیش کے بعض علاقوں میں اگلے دو دنوں کے دوران برف باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گجرات میں شدید بارشوں کے نتیجے میں انسانی ہلاکتیں کوئی نئی بات نہیں۔ اگست 2020ء میں بھی صرف دو دنوں کی بارش کے دوران اس ریاست میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سے ایک سال قبل اگست 2019/ میں بارش کی وجہ سے سیلاب اور مکانات منہدم ہو جانے کے سبب 31 افراد کی موت ہو گئی تھی۔

بارش کی وجہ سے سینکڑوں مکانات تباہ اور مویشی ہلاک ہو چکے ہیں
بارش کی وجہ سے سینکڑوں مکانات تباہ اور مویشی ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: DW

بے موسمی بارش کچھ لوگوں کے لیے سود مند بھی

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش کے بعض علاقوں میں ہونے والی اس بے موسمی بارش کی وجہ سے کسانوں کو فائدہ ہو گا۔

زرعی سائنس دان اور انڈین کونسل آف ایگری کلچرل ریسرچ کے اندور کے علاقائی ڈائریکٹر کے سی شرما نے بتایا کہ یہ بارش گیہوں کی کاشت کے لیے کافی سود مند ثابت ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ بارش سے زمین میں نمی بڑھے گی، درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی اور یہ گیہوں کی فصلوں کے لیے سود مند ہو گی جو ابھی اپنے ابتدائی مرحلے میں ہے۔

مدھیہ پردیش کی وزارت زراعت کے مطابق ریاست میں تقریباً 65 لاکھ ہیکٹر اراضی پر گیہوں کی کاشت ہوتی ہے۔ گیہوں کی بوائی دو ہفتے قبل شروع ہوئی تھی۔

بھارتی دارالحکومت دہلی پانی میں ڈوب گیا