1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

.ایرانی صدر کا امریکہ مخالف لاطینی امریکی ملکوں کا دورہ

8 جنوری 2012

ایران کو اپنے خلاف مغربی ملکوں کی پابندیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے۔ اس پس منظر میں صدر احمدی نژاد آج اتوار سے ایران کے لاطینی امریکی اتحادی ملکوں کا دورہ شروع کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13g4k
محمود احمدی نژادتصویر: IRNA

محمود احمدی نژاد کے اس کئی روزہ دورے کا مقصد لاطینی امریکہ میں ان ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے جو ابھی تک تہران کے اتحادی ہیں۔ ایرانی صدر اپنا یہ غیر ملکی دورہ ایسے وقت پر کر رہے ہیں جب مغربی ملکوں کی ایران کے خلاف اضافی پابندیاں عائد کرنے کی کوششیں تیز تر ہوتی جا رہی ہیں۔
اس پانچ روزہ دورے کے دوران محمود احمدی نژاد وینزویلا کے شعلہ بیان صدر اوگو چاویز سے بھی ملیں گے جو ان کی طرح امریکہ کے بہت بڑے نقاد ہیں۔ ایرانی لیڈر آج اتوار کو دیر گئے کاراکاس پہنچیں گے جہاں سے ان کے پانچ دنوں کے دوران لاطینی امریکہ کے چار ملکوں کے سرکاری دورے کا آغاز پیر کو ہو گا۔
منگل کے دن وہ نکاراگوآ میں ابھی حال ہی میں دوبارہ منتخب ہونے والے صدر ڈینیئل اورٹیگا کی حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ نکاراگوآ کے بعد وہ اپنے اس دورے کے دوران کیوبا اور پھر ایکوآڈور بھی جائیں گے۔
لاطینی امریکہ کے یہ چاروں ملک امریکہ کے حریف ملک ہیں اور ان کے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کشیدگی سے عبارت ہیں۔ ان چاروں ملکوں کے رہنما گزشتہ چار برسوں کے دوران کئی مرتبہ ایران کے دورے کر چکے ہیں جس دوران انہوں نے تہران کے ساتھ اپنے سفارتی اور تجارتی روابط کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں کیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اسی عرصے کے دوران ان ملکوں کے امریکہ کے ساتھ تعلقات مزید خراب ہوئے ہیں۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اپنے اس چار ملکی دورے پر روانہ ہونے سے کچھ دیر قبل صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ وہ اپنے اس دورے کے دوران لاطینی امریکہ کے جن چار ملکوں میں جائیں گے، وہ چاروں ملک امریکہ کے جبر کے خلاف مزاحمت میں مصروف ہیں اور ان میں نوآبادیاتی نظام کے خلاف ایک ہی طرح کی سوچ پائی جاتی ہے۔
اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ لاطینی امریکہ ایک ایسا خطہ ہے جسے امریکہ اپنے گھر کا ایسا پچھواڑہ سمجھتا ہے جہاں وہ جو چاہے کر سکتا ہے۔ لیکن احمدی نژاد نے یہ بھی کہا کہ آج لاطینی امریکہ کی ریاستیں اور ان کے رہنما بیدار ہو چکے ہیں اور وہ اپنے فیصلے آزادانہ طور پر کرتے ہیں۔
اس دورے پر روانگی سے پہلے محمود احمدی نژاد نے وینزویلا کے صدر اوگو چاویز کو جبر کے خلاف جدوجہد کا ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اورٹیگا اپنے ملک میں ایسے ہی ایک انقلاب کی قیادت کر رہے ہیں جیسا انقلاب ایران میں آیا تھا۔ اس کے علاوہ ایکوآڈور میں بر سر اقتدار انقلابی رہنما بھی امریکی تسلط کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اپنے اس دورے کے دوران وہ کیوبا سمیت ان چاروں ملکوں کے ساتھ کئی دوطرفہ صنعتی اور تجارتی معاہدوں پر دستخط کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

NO FLASH Hugo Chavez
وینزویلا کے صدر اوگو چاویزتصویر: dapd

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں