1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران۔امریکہ تنازعہ اور خام تیل کی بڑھتی قیمت

4 جنوری 2012

منگل کے روز بین الاقوامی مالی منڈیوں میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں چار فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اگر خلیجی سمندر میں تنازعہ آگے بڑھتا ہے تو تیل کی قیمت میں انتہائی اضافے کا خدشہ ہے۔

https://p.dw.com/p/13dX3
امریکی جنگی بحری جہازتصویر: AP

عالمی مالی منڈیوں میں خام تیل قیمت میں منگل کے روز ہونے والے غیر معمولی اضافے کا اہم پہلو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکی نیوی کی موجودگی سے بڑھتا تنازعہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چین اور امریکہ کے پیداواری اور اقتصادی اعداد و شمار نے بھی تیل کی قیمت میں اضافے کو تحریک دی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے میں امریکہ اور چین کے پیداواری اداروں کی بڑھتی صلاحیت ہے۔ دوسری جانب نئے سال کے دوران تیل کی کھپت میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

Iran Militärübung
ایرنی نیوی میزائل کا ٹیسٹ کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق فوج کے سربراہ عطا اللہ صالحی نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز خلیج میں واپس آیا تو فوجی کارروائی کا امکان ہے۔ دوسری جانب امریکی وزارت دفاع کے صدر دفتر پینٹا گون کا کہنا ہے کہ ایرانی دھمکیاں اس بین الاقوامی دباؤ کا نتیجہ ہے جس سے ایران کو اب گھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔ پینٹا گون نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنے طیارہ بردار بحری جہاز خلیجی علاقے میں روانہ کرتا رہے گا۔ ایران دھمکیوں کے تناظر میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ ایران اپنی اندرونی پریشانیوں کی وجہ سے اپنے عوام کی توجہ بڑھتے مسائل سے ہٹانے کی کوششوں میں ہے۔

مبصرین کے خیال میں بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی بڑھتی قیمت کی وجوہات میں ایران اور مغرب کے درمیان جاری جوہری پروگرام کے تنازعے کے ساتھ نائجیریا میں انتہاپسندوں کی بڑھتی سرگرمیاں بھی ہیں۔ ابھی اسی ویک اینڈ پر افریقی ملک نائجیریا کے صدر گڈلک جوناتھن نے انتشار زدہ علاقوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ ان کے علاوہ اوپیک کے بعض ممبر ملکوں میں بڑھتے فرقہ وارانہ مسائل بھی تیل کی قیمت میں اضافے کا باعث ہیں۔ ان میں عراق اور بحرین اہم ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ عراق کی تیل کی پیداوار دسمبر میں بڑھ گئی ہے۔

Iran Marine Militärschiff
ایرانی بحریہ کی ایک جنگی کشتی سے میزائل کی آزمائشتصویر: picture-alliance/dpa

امریکی شہر نیو یا رک میں قائم ادارے Again Capital LLC کے ماہر اقتصادیات جان کِلڈف (John Kilduff) کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی سے بین الاقوامی صورت حال کا ٹمپریچر روز بروز بڑھ رہا ہے، ایران کی جانب سے میزائل تجربات اور نیوی کی مشقوں جیسے اقدامات، عالمی ماحول کو مزید پیچیدہ کرنے کے مترادف ہیں، ان کے علاوہ اقتصادی ڈیٹا بھی عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ جان کلڈف کے مطابق چین کا پیداواری شعبہ دسمبر میں بمشکل سکڑنے کے عمل سے بچ سکا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں