1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران کے جوہری تنازعے پر مذاکرات، ’پیش رفت‘ جاری

ندیم گِل8 نومبر 2013

ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر تہران حکومت اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین دو روزہ مذاکرات کا پہلا دَور مکمل ہو گیا ہے۔ فریقین نے اس بات چیت کو ’مشکل‘ لیکن مثبت قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ADvX
تصویر: Reuters

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور جرمنی کے ساتھ ایران کے یہ مذاکرات جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں شروع ہوئے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پہلے دِن کے اختتام پر فریقین ابتدائی معاہدے کی جانب بڑھتے ہوئے دکھائی دیے۔ شرکاء نے بتایا ہے کہ بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے اسے مشکل بھی قرار دیا۔

یورپی یونین کی سربراہ برائے خارجہ امور کیتھرین ایشٹن کے ترجمان میشائل مان نے جمعرات کی شام ان مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں اور ایران اس بات چیت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ مذاکرات کی قیادت میشائل مان ہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایشٹن جمعے کی صبح ایران کے وزیر خارجہ اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد جواد ظریف سے ملاقات کریں گے۔

قبل ازیں ظریف نے روئٹرز سے بات چیت میں کہا: ’’بات چیت اچھی رہی ۔ مجھے اُمید ہے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ پیش رفت ہو رہی ہے، لیکن یہ مشکل ہے۔‘‘

Iran Atomgespräche 07.11.2013 in Genf
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریفتصویر: picture-alliance/dpa

بعدازاں امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے ساتھ ایک انٹرویو میں ظریف نے کہا کہ ایران کی جانب سے یورینیئم کی افزودگی کی جزوی معطلی ممکن ہو سکتی ہے۔ سابق صدر محمود احمدی نژاد کے دَور میں تہران حکومت اس بات کو خارج از امکان قرار دیتی رہی ہے۔ ظریف نے یقین ظاہر کیا کہ جمعے کی شام بات چیت کے ‌خاتمے تک کوئی سمجھوتہ طے پا جائے گا۔

امریکا نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے لیے قابلِ تصدیق اقدامات کرے تو عالمی طاقتیں تہران حکومت پر عائد بعض پابندیاں نرم کرنے پر غور کریں گی۔

دوسری جانب امریکی سینیٹ کی ایک کمیٹی نے کہا ہے کہ جمعے کو جنیوا کی اس بات چیت کے خاتمے پر ایران کے خلاف نئی پابندیاں متعارف کروانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ تاہم تہران حکام نے خبر دار کیا ہے کہ مزید تعزیری پابندیاں عائد کی گئیں تو کسی معاہدے کی اُمیدیں تہس نہس ہو جائیں گی۔ اس تناظر میں امریکی صدر باراک اوباما نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ ایران کو تنہا کرنے اقدامات کو فی الحال روک دیا جائے گا۔

مغربی طاقتوں کے خیال میں ایران اپنے جوہری منصوبے کی آڑ میں ہتھیار حاصل کرنا چاہتا ہے۔ تہران حکومت یہ الزام ردّ کرتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کا نیوکلیئر پروگرام پرُامن مقاصد کے لیے ہے۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس پروگرام کی وجہ سے اس پر عائد اقتصادی پابندیاں اٹھائی جائیں۔