1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی جوہری پروگرام: تہران نے نیا منصوبہ پیش کر دیا

عاطف توقیر15 اکتوبر 2013

یورپی یونین کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے منگل کے روز جنیوا میں عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات میں اپنے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے ایک نیا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/19zlK
تصویر: Reuters

نئے ایرانی صدر حسن روحانی کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد تہران حکومت اور عالمی طاقتوں کے درمیان یہ پہلے مذاکرات ہیں۔

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے ترجمان میشائیل من نے منگل کے روز جنیوا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان مذاکرات کے بعد صحافیوں کے بات چیت میں اس امید کا اظہار کیا کہ تہران حکومت اپنے الفاظ کو عملی جامہ پہنائے گی۔ واضح رہے کہ کیتھرین ایشٹن ان مذاکرات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین اور جرمنی کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

اگست میں ایرانی مسند صدارت پر براجمان ہونے والے حسن روحانی نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے جاری ایرانی جوہری تنازعے کو حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس سلسلےمیں گزشتہ کچھ عرصے میں کئی دہائیوں کے تعطل کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے ایک مرتبہ پھر بحال ہوئے ہیں۔

Iran Hassan Rohani an der Uni Tehran
نئے ایرانی صدر حسن روحانی کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد تہران حکومت اور عالمی طاقتوں کے درمیان یہ پہلے مذاکرات ہیں۔تصویر: ISNA

اس سے قبل اپریل میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تہران حکومت کو پیشکش کی گئی تھی کہ اگر وہ یورینیئم کی افزودگی روک دے اور اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے مزید شفافیت کا مظاہرہ کرے تو اس کے خلاف عائد پابندیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے۔ تاہم اس پیشکش کا جواب ایران کی جانب سے سامنے نہیں آیا تھا۔

کیتھرین ایشٹن کے ترجمان میشائیل مَن نے ایرانی وزیرخارجہ کی جانب سے جنیوا میں دی گئی پریزینٹیشن کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں، تاہم کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں شریک ماہرین نے ان تجاویز کا جائزہ لیا۔ مَن نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب واقعی اس سلسلے میں واضح نتائج سامنے آنے کا وقت ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے مذاکرات نتیجہ خیز نہیں رہے، لیکن اب اس بابت پیش رفت ہونا چاہیے۔

مذاکرات کے بعد ایرانی وزیرخارجہ ظریف نے کہا کہ مذاکرات کا ماحول انتہائی مثبت ہے، جس کی انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں۔

Wendy Sherman Iran Atomgespräch Nuklearprogramm Genf Schweiz
ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے جنیوا میں دو روزہ مذاکراتتصویر: Reuters

واضح رہے کہ مغربی ممالک کو خدشات ہیں کہ ایران افزودہ کی گئی یورینیئم کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کر سکتا ہے جب کہ ایران اصرار کرتا ہے کہ وہ افزودہ یورینیئم کو جوہری ری ایکٹروں میں سویلین مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر زور دے کر کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی طور پر کوئی جزوی معاہدہ نہ کیا جائے۔ اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے منگل کے روز بین الاقوامی برادری کو خبردار کیا کہ ایرانی جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے کے علاوہ کسی طرح کی کوئی ڈیل ایران پر عائد سخت پابندیوں کے اثرات کو تباہ کر سکتی ہے۔