1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تنازعہ شدید تر: میکسیکو کے ساتھ سرحد بند کر دوں گا، صدر ٹرمپ

28 دسمبر 2018

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دے دی ہے کہ وہ امریکا کی میکسیکو سے ملنے والی جنوبی سرحد مکمل طور پر بند کر دیں گے۔ انہوں نے یہ دھمکی امریکی کانگریس کے ارکان کی طرف سے اس سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈز مہیا نہ کرنے پر دی۔

https://p.dw.com/p/3Aje7
امریکا میں زبردستی داخلے کے خواہنش مند بالغ اور نابالغ تارکین وطن آنسو گیس کی شیلنگ سے بچ کر بھاگتے ہوئےتصویر: Reuters/K. Kyung-Hoon

امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے جمعہ اٹھائیس دسمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا، ’’اگر رکاوٹیں پیدا کرنے پر تلے ہوئے ڈیموکریٹس نے (میکسیکو کے ساتھ سرحد پر) دیوار کی تعمیر کی تکمیل کے لیے مالی وسائل مہیا نہ کیے، اور وہ مضحکہ خیز امیگریشن قوانین بھی تبدیل نہ کیے جن کا خمیازہ ہمارے ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے، تو ہم اپنی جنوبی سرحد کو قطعی طور پر بند کر دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔‘‘

USA Washington Weißes Haus mit Stop-Schild
امریکا میں وفاقی حکومت کی جزوی بندش کا اگلے سال تک جاری رہنا اب تقریباﹰ یقینی سی بات ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Caballero-Reynolds

ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دھمکی ایک ایسے وقت پر دی ہے، جب یہ بات تقریباﹰ یقینی نظر آنے لگی ہے کہ وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان کشیدگی کی وجہ اور سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے رقوم مہیا نہ کیے جانے کے باعث امریکی حکومت کا جزوی شٹ ڈاؤن طول پکڑ کے اگلے ہفتے میں داخل ہو جائے گا۔

یہ تنازعہ اب اگلے ہفتے اور اگلے سال میں اس لیے چلا جائے گا کہ اب تک ارکان کانگریس اور صدر ٹرمپ کے مابین کوئی مصالحت نہیں ہو سکی اور صدر کا مسلسل اصرار ہے کہ کانگریس کو میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کے لیے فنڈز جاری کرنا ہی پڑیں گے۔

یہ تنازعہ اس لیے بھی شدید تر ہو گیا ہے کہ اس کے فریقین ابھی تک اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ڈیموکریٹک ارکان کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کو وہ پانچ بلین ڈالر جاری نہیں کریں گے، جو سرحدی دیوار کی تعمیر کی تکمیل کے لیے درکار ہیں۔

Mexiko Tijuana Migranten Träume & US-Pop Kultur
امریکا اور میکسیکو کے درمیان سرحدی دیوار کا ایک حصہ اور امریکا میں داخلے کا خواہش مند ہندڈوراس کا ایک تارک وطنتصویر: Reuters/K. Kyung-Hoon

اس کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے بہت سخت گیر امیگریشن پالیسی کو ہی اپنے دور صدارت کا محور بنائے رکھنے کا تہیہ کیا ہوا ہے، بضد ہیں کہ کانگریس نے انہیں پانچ بلین ڈالر نہ دیے، تو وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے وہ فنڈز بھی جاری نہیں کریں گے، جو امریکا کی وفاقی حکومت کی معمول کی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں۔

اس سے قبل اسی دیوار کی تعمیر کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے نومبر میں بھی واضح کر دیا تھا، ’’اگر معاملات یہاں تک خراب ہو گئے کہ حالات ہمارے قابو سے نکل جانے کا خطرہ ہو اور لوگ زخمی ہونا شروع ہو جائیں، تو ہم میکسیکو کے ساتھ اپنی پوری سرحد ہی بند کر دیں گے۔‘‘

صدر ٹرمپ کی اس دھمکی کے چند ہی روز بعد، جب ہزاروں کی تعداد میں امریکا میں غیر قانونی داخلے کے خواہش مند وسطی امریکی ممالک کے تارکین وطن نے میکسیکو کے ساتھ سرحد پر لگی باڑ توڑنے کی کوشش کی تھی، امریکی بارڈر گارڈز نے بہت ڈرامائی انداز میں ریاست کیلیفورنیا کے جنوب میں میکسیکو کے ساتھ سرحد پر ایک گزرگاہ کو بند بھی کر دیا تھا۔

م م / ع ت / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں