1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

گیارہ سو جرمن ڈاکٹر یوکرین میں خدمات کے لیے تیار

19 اپریل 2022

جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق گیارہ سو جرمن ڈاکٹروں نے خود کو یوکرین یا ہم سایہ ممالک میں اپنی خدمات کے لیے پیش کیا ہے۔ اس سے یوکرین کے ساتھ جرمن یکجہتی کا بھی اظہار ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4A61Z
Ukraine Patienen aus dem Osten werden verlegt
تصویر: Genya Savilov/Getty Images/AFP

جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق گو کہ یوکرین میں تعیناتی جان کو خطرات سے دوچار کر دینے سے عبارت ہے، اس کے باوجود گیارہ سو ڈاکٹروں نے اس مقصد کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر کلاؤز رائن ہارٹ کے مطابق، ''زندگی کو خطرات کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں طب کے پیشے سے وابستہ افراد کا خدمات پیش کرنا، یوکرین کے لیے اظہار یکجہتی کا اشارہ ہے۔‘‘

چار ہفتوں میں سات ہزار سے پندرہ ہزار تک روسی فوجی ہلاک، نیٹو

یورپی یونین کا اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کا فیصلہ

جرمن میڈیا ادارے ریڈکسیون نیٹ ورک سے پیر کے روز بات چیت میں رائن ہارٹ نے کہا کہ یوکرینی افراد کی مدد کے لیے اپیل جاری کی گئی تھی، جس کے جواب میں ڈاکٹروں نے اپنے آپ کو خدمات کے لیے رجسٹرڈ کروایا۔ ایک آن لائن پورٹل پر ڈاکٹروں کی بیماروں اور زخمیوں کی طبی امداد کے لیے رجسٹریشن کھولی گئی تھی۔

رائن ہارٹ کے مطابق جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن اس وقت جرمن دفتر خارجہ اور وفاقی وزراتِ صحت کے علاوہ یوکرین اور ہم سایہ ممالک میں قائم جرمن سفارت خانوں سے بات چیت میں مصروف ہے تاکہ ڈاکٹروں کی تعیناتی کا طریقہ کار طے ہو سکے۔

رائن ہارٹ نے بتایا، ''جوں ہی حکومت کی جانب سے انہیں بین الاقوامی ہیومینیٹیریئن فریم ورک کے تحت ڈاکٹروں کی تعیناتی سے متعلق مطلع کیا جائے گا، ہم ڈاکٹر مہیا کر دیں گے۔‘‘

جرمن وزیرصحت  نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے، ''ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ان ڈاکٹروں کو اس طرح تعینات کریں کہ یہ اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالے بغیر امدادی خدمات انجام دے سکیں۔‘‘

’امن کی آواز‘ جنگ کے خلاف پاپ موسیقاروں کا انوکھا احتجاج

وزیر صحت نے بتایا کہ یوکرین اور ہم سایہ ممالک کے درمیان انتہائی قریبی تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ یوکرین سے بیمار اور زخمی افراد کو فضائی طریقے سے جرمنی سمیت مختلف یورپی ممالک منتقل کیا جا رہا ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ پچھلے قریب دو ماہ سے روس کی یوکرین میں عسکری مداخلت جاری ہے اور اس روسی کارروائی کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

ع ت، ب ج (ڈی پی اے)