1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیا: ہوٹل پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے

16 جنوری 2019

کینیا کے صدر نے کہا ہے کہ نیروبی حملے کے تمام دہشت گردوں کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے۔ یہ حملہ منگل پندرہ جنوری کو کیا گیا اور جوابی فوجی کارروائی بارہ گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

https://p.dw.com/p/3BdJn
Kenia Nairobi Explosion und Schüsse in Hotel und Bürogebäude
تصویر: Reuters/T. Mukoya

مشرقی افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ایک بڑے ہوٹل کمپلیکس پر عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم چودہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کینیا کے صدر اوہورو کینیاٹا نے ملکی  وزارت داخلہ کے بیان کی تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس حملے کے دوران عمارتوں کے کمپلیکس میں سے سات سو افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

حملے کا نشانہ بننے والے DusitD2 نامی کمپلیکس میں فائیو اسٹار  ہوٹل کے علاوہ بارز، بینک، شاپنگ مال اور دفاتر بھی موجود ہیں۔ منگل پندرہ جنوری کی شام سے شروع ہونے والے اس حملے کے بعد اس ہوٹل کے ارد گرد کا علاقہ دھماکوں اور بھاری فائرنگ سے گونج اٹھا تھا۔ دہشت گردوں نے عمارت میں داخل ہو کر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ نگرانی کے کیمروں سے معلوم ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کی تعداد چار تھی۔

دہشت گردوں نے اس حملے کی ابتدا اس کمپلیکس میں واقع ایک بینک کے باہر کھڑی تین گاڑیوں پر بم دھماکوں سے کی تھی۔ اس کے بعد یہ اندر داخل ہوئے اور ہوٹل کی لابی میں پہنچ گئے۔ ہوٹل کی لابی میں کی جانے والی فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہوئے۔ نیروبی کے سکیورٹی حکام نے زخمیوں کی تعداد بارے کچھ نہیں بتایا ہے۔

Kenia Nairobi Explosion und Schüsse in Hotel und Bürogebäude
دہسشت گردوں نے اس حملے کی ابتدا بینک کے باہر کھڑی تین کاروں پر بم حملوں سے کیتصویر: Getty Images/AFP/L. Tato

 کینیا کی وزارت داخلہ کے مطابق کمپلیکس کے اندر واقع عمارات کو سکیورٹی دستوں نے بارہ گھنٹوں سے زائد جاری رہنے والی فوجی کارروائی کے بعد محفوظ بنا لیا ہے۔ صدر اوہورو کینیاٹا کے مطابق ملکی سکیورٹی اہلکاروں نے ہر ممکن سلامتی کے اقدامات اس آپریشن کے دوران اٹھائے۔ انہوں نے کمپلیکس کے اندر کام کرنے والے ملازمین سے کہا ہے کہ وہ بغیر کسی خوف اور خطرے کے اپنے کام کے مقام پر جا سکتے ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری صومالیہ سے تعلق رکھنے والی شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔ الشباب اس سے قبل بھی کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ویسٹ گیٹ مال پر سن 2013 میں دہشت گردانہ حملہ کر چکی ہے۔ پانچ برس کے قبل کے حملے میں سڑسٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ خاص طور پر اس افریقی ملک کے سرحدی علاقوں پر صومالی دہشت گرد گروپ کے جنگجو گاہے گاہے حملے کرتے رہتے ہیں۔ یہ جہادی گروپ بھی القاعدہ دہشت گردانہ نیٹ ورک سے وابستہ ہے۔