1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم جونگ ان اور پوٹن کے درمیان روس میں ملاقات عنقریب

5 ستمبر 2023

امریکی حکام کے مطابق کم جونگ ان روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کے لیے اس ماہ روس کا دورہ کرسکتے ہیں۔ یہ ممکنہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب روس یوکرین میں اپنی جنگ کے لیے فوجی سازو سامان حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4VxWW
امریکہ کا کہنا ہے کہ پوٹن کم جونگ ان سے یوکرین جنگ کے لیے ہتھیاروں کی فراہمی پر بات کرسکتے ہیں
امریکہ کا کہنا ہے کہ پوٹن کم جونگ ان سے یوکرین جنگ کے لیے ہتھیاروں کی فراہمی پر بات کرسکتے ہیںتصویر: Alexander Zemlianichenko/AP Photo/picture alliance

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان ممکنہ ملاقات کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ انہوں نے مشرقی محاذ جنگ ڈونیٹسک کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے فوجیوں سے ملاقات کی ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے۔

یوکرین اپنے جنوب اور مشرق دونوں علاقوں میں انتہائی موثر جوابی کارروائی کررہا ہے حالانکہ پوٹن نے اسے ناکام قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ تاہم ماسکو اپنی فورسز کو تقویت فراہم کرنے کے لیے مزید فوجی ساز وسامان کی فراہمی کے لیے بے چین دکھائی دے رہا ہے۔

وائٹ ہاوس کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا، "روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں کے لیے مذاکرات سرگرم طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔"

شمالی کوریا نے روسی کرائے کی فوج کو ہتھیار فروخت کیے، امریکہ

انہوں نے مزید کہا،"ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ کم جونگ ان چاہتے ہیں کہ بات چیت جاری رہے اور اس میں روس میں رہنما کی سطح پر سفارتی بات چیت ہو۔ "

امریکہ نے گزشتہ ہفتے خبر دار کیا تھا کہ روس اپنی جنگی اقدامات کے لیے بڑے پیمانے پر ہتھیار اور گولہ بارود حاصل کرنے کی خاطر پہلے سے ہی شمالی کوریا کے ساتھ خفیہ بات چیت کررہا ہے۔

شمالی کوریا کی یوم فتح تقریبات میں روسی اور چینی وفود کی شرکت

روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے جولائی میں پیونگ یانگ میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ شمالی کوریا کی شراکت ماسکو کے لیے کافی اہم ہے۔

واٹسن نے بتایا کہ روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے جنگ کے لیے اضافی جنگی سازوسامان حاصل کرنے کی متعلق بات چیت کی تھی۔

کم جونگ ان نے 2019 میں ولادی ووستوک میں پوٹن سے ملاقات کی تھی
کم جونگ ان نے 2019 میں ولادی ووستوک میں پوٹن سے ملاقات کی تھیتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Zemlianichenko

ہمیں اور کیا معلوم ہے؟

نیویارک ٹائمز کے مطابق کم اس ماہ کے اواخر میں ایک بکتر بند ٹرین کے ذریعہ روس کے بحرالکاہل کے ساحل پر واقع ولادی ووستوک جائیں گے، جو شمالی کوریا سے زیادہ دور نہیں ہے۔ وہ وہاں پوٹن سے ملاقات کریں گے۔

 اخبار کے مطابق کم ماسکو کا سفر بھی کرسکتے ہیں تاہم یہ ابھی یقینی نہیں ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ پوٹن شمالی کوریا سے توپ خانے کے گولے اور ٹینک شکن میزائل چاہتے ہیں۔

دوسری طرف بتایا جاتا ہے کہ کم سیٹلائٹوں اور جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی نیز اپنی غریب قوم کے لیے خوراک کی امداد حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

جنوبی کوریا کا ردعمل

دونوں کوریا کے درمیان تعلقات پر نگاہ رکھنے والی سیول کی یونیفیکیشن کی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ پیونگ یانگ اور ماسکو کے درمیان مختلف پیش رفت ہتھیاروں کے معاہدے کے بڑھتے ہوئے امکانات کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

شمالی اور جنوبی کوریا میں تناؤ سے پر 70 برس کی جنگ بندی

انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،" شمالی کوریا اور پڑوسی ملک کے درمیان کسی بھی قسم کے تعاون کو اس طرح کیا جانا چاہئے، جس سے بین الاقوامی اصولوں اور امن کو نقصان نہ پہنچے۔"

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں امریکہ، برطانیہ، جنوبی کوریا اور جاپان نے کہا تھا کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان تعاون بڑھانے کا کوئی بھی معاہدہ سلامتی کونسل کی ان قراردادوں کی خلاف ورزی ہوگی جن میں پیونگ یانگ کے ساتھ ہتھیاروں کے سودے پر پابند ی عائد کی گئی ہے اور روس بھی معاہدے پر دستخط کرنے والوں میں شامل ہے۔

ج ا/ ص ز(اے ایف پی، روئٹرز)