1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کتے کا پٹا بتائے گا کہ کتا کيا کہہ رہا ہے

12 جنوری 2021

جنوبی کوريا کے ايک اسٹارٹ اپ نے مصنوعی ذہانت کی ٹيکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے کتوں کے ليے ايک ايسا پٹا تيار کيا ہے، جو يہ بتا سکتا ہے کہ کتا بھونکتے وقت کيا کہہ رہا ہے اور اس کا مزاج کيسا ہے۔

https://p.dw.com/p/3noUH
USA CES 2017 in Las Vegas intelligentes Hundehalsband
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Ogulnik

آواز سے جذبات کی شناخت کرنے والی ٹيکنالوی کی مدد سے يہ پٹا کتوں کے بھونکنے کی آواز سے پانچ مختلف جذبات کا پتا لگا ليتا ہے۔ 'پٹ پلس‘ نامی کالر پالتو کتے کے مالک کو ايک اسمارٹ فون ايپ کی بدولت اس بارے ميں مطلع کر سکتا ہے کہ کتا خوش ہے، پر سکون ہے، الجھن ميں ہے، غصے ميں ہے يا پھر غم زدہ ہے۔ يہ پٹا کتوں کی جسمانی حرکات اور ان کے سونے کی ترتيب کا بھی ريکارڈ رکھتا ہے۔

'پٹ پلس ليب‘ کے گلوبل مارکيٹنگ ڈائريکٹر اينڈرو گل کا کہنا ہے، ''يہ ڈيوائس کسی کتے کو وہ آواز ديتی ہے، جو انسان سمجھ سکتے ہيں۔‘‘

اس نئی کمپنی نے اپنے منصوبے کو حتمی شکل دينے کے ليے کتے کے بھونکنے کی مختلف آوازوں کا تجزيہ سن 2017 ميں شروع کيا تھا۔ تين برس کی تحقيق کے بعد انہوں نے کتوں کی پچاس سے زائد نسلوں پر مبنی دس ہزار سے زائد نمونوں کی بنياد پر ايک الگوردم تيار کيا۔ يہ تجرباتی کالر آزمائش ميں نوے فيصد تک درست ثابت ہوا۔ اس کی آزمائش سيول نيشنل يونيورسٹی ميں کی گئی۔ 'پٹ پلس ليب‘ کمنپی کا دعوی ہے کہ وائس ريکگنيشن ٹيکنالوجی کی مدد سے تيار کيا گيا، اس طرز کا پہلا پٹا ہے۔

کینگرو آنکھوں کے اشاروں سے انسانوں سے بات کر سکتے ہيں

نیپال میں آوارہ اور پالتو کتوں کی پوجا کا دن

'پيٹ پلس ليب‘ اسٹارٹ اپ نے پچھلے سال اکتوبر ميں يہ کالر انٹرنيٹ پر ننانوے ڈالر ميں فروخت کرنا شروع کيا تھا۔ يورو مانيٹر کے مطابق گزشتہ برس پالتو جانوروں کی ديکھ بھال کی اشياء کی صنعت کی ماليت 138 بلين ڈالر رہی تھی۔ سن 2019 کے مقابلے ميں اس صنعت ميں پچھلے سال چونتيس فيصد کا اضافہ نوٹ کيا گيا، جس کی ايک بڑی وجہ يہ تھی کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے لوگوں نے کافی وقت گھروں پر اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ گزارا۔

اسی دوران کتوں کی عالمی آبادی ميں بھی اٹھارہ فيصد کا اضافہ ريکارڈ کيا گيا، جو اب مجموعی طور پر 489 ملين ہو گئی ہے۔

پالتو کتوں کے ساتھ ریستوراں میں انجوائے کریں

ع س / ک م (روئٹرز)