1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پراگ میں کار چرانے والے کو اصل جھٹکا تو پانچ کلومیٹر بعد لگا

7 نومبر 2019

یورپی یونین کے رکن ملک چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں ایک چور نے ایک گاڑی چرائی، جس کے بعد اصلی جھٹکا تو اسے تقریباﹰ پانچ کلومیٹر دور جا کر اس وقت لگا جب اسے احساس ہوا کہ گاڑی میں چھ ماہ کی ایک شیر خوار بچی بھی تھی۔

https://p.dw.com/p/3SdmW
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Gluck

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی پراگ سے جمعرات سات نومبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق مقامی پولیس کے لیے کسی گاڑی کی اس طرح چوری کا یہ ایک منفرد واقعہ ہے اور وہ ممکنہ گواہوں کی تلاش میں ہے۔

ہوا یہ کہ پراگ کی رہنے والی ایک 41 سالہ خاتون اپنی چھ ماہ کی بیٹی کے ساتھ گھر سے اپنی گاڑی میں سوار ہو کر اس لیے نکلی کہ ایک مقامی پرائمری اسکول سے اپنے دوسرے بچے کو واپس گھر لا سکے۔ اس خاتون کو گاڑی پارک کرنے کی جگہ اسکول سے دو تین منٹ پیدل کے فاصلے پر ملی اور وہ گاڑی کے دروازے بند کر کے لیکن اس کا انجن چلتا ہوا چھوڑ کر اپنے بڑے بچے کو لینے چلی گئی۔ اس وقت چھ ماہ کی شیرخوار بچی گاڑی کی پچھلی سیٹ پر اپنے 'روکر‘ یا پالنے میں سو رہی تھی۔

اس دوران ایک چور نے موقع غنیمت جانا اور چلتے ہوئے انجن والی گاڑی وہاں سے لے اڑا۔ اسے پکڑے جانے کے خوف سے تیز ڈرائیونگ کے دوران لگنے والے معمول کے جھٹکوں کے علاوہ ایک بڑا جھٹکا اس وقت لگا، جب چھ ماہ کی بچی کے جاگ جانے اور رونے پر اسے احساس ہوا کہ گاڑی میں تو کوئی اور بھی موجود تھا۔

Bildergalerie 10 Regeln für Kinder im Straßenverkehr
بہت چھوٹے یا شیرخوار بچوں کو گاڑی میں سفر کرنا ہو تو ان کے لیے بےبی سیٹ یا ’روکر‘ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال بھی لازمی ہوتا ہےتصویر: picture-alliance/maxppp/J. F. Dupuis

اس نامعلوم چور نے اسی وقت ایک قریبی پارکنگ میں جا کر بچی کو اس کے پالنے سمیت گاڑی سے نکال کر فٹ پاتھ پر رکھا اور فرار ہو گیا۔ تب تک وہ جائے وقوعہ سے تقریباﹰ پانچ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر چکا تھا۔ اس ننھی سی بچی کو بعد میں وہاں سے گزرنے والی ایک خاتون نے دیکھا تو اس نے پولیس کو اطلاع کر دی، جس نے آ کر بچی کو اپنی حفاظت میں لے لیا۔

بعد ازاں پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ بچی پہلے کی طرح اچھی حالت میں ہے اور واپس ماں کے حوالے کی جا چکی ہے۔ چور ابھی تک مفرور ہے مگر پولیس کو شہر کے ایک دوسرے حصے سے چوری شدہ گاڑی مل گئی ہے، جسے ایک دو بار شاید کسی درخت یا دوسری گاڑی سے ٹکرا جانے کی وجہ سے کافی نقصان پہنچ چکا تھا۔

چوری کی جگہ کے قریب نصب کردہ ایک سکیورٹی کیمرے کی فوٹیج کے مطابق چور نے سیاہ رنگ کی جیکٹ پہنی ہوئی تھی مگر ویڈیو میں اس کا چہرہ اس کی کمر کیمرے کی طرف ہونے کی وجہ سے پہچانا نہیں جا سکتا۔

پولیس نے بتایا کہ چور کو پانچ سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، اگر وہ پکڑا گیا تو!

م م / ش ح (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں