1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین: لینڈ سلائیڈنگ اور زلزلہ میں متعدد افراد ہلاک

23 جنوری 2024

چین میں حکام نے منگل کو بتایا کہ جنوب مغربی یونان صوبے میں لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادھر منگل کی صبح مغربی سنکیانگ علاقے میں ایک کم آبادی والے علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے

https://p.dw.com/p/4bZaK
جنوب مغربی یونان صوبے میں لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں
جنوب مغربی یونان صوبے میں لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: Zhou Lei/Xinhua/picture alliance

منہدم مکانات کے ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے لیکن سخت سردی کے سبب اس میں پریشانیاں آرہی ہیں۔

چین میں حکام نے منگل کے روز بتایا کہ جنوب مغربی چین کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ کم از کم دو زندہ بچ جانے والوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منگل کی صبح کو یونان صوبے میں لینڈ سلائیڈنگ کے اس واقعے میں تقریباً 47 افراد منہدم مکانات کے ملبے تلے دب گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

چین میں درجنوں افراد مٹی کے تودے تلے دفن

صدر شی  جن پنگ نے متاثر ین کو ہر ممکن بچانے اور تمام طرح کی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

ریسکیو مشن جاری

مقامی حکام نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں منجمد درجہ حرارت میں تقریباً اٹھارہ گھروں میں دبے متاثرین کو تلاش کرنے کے لیے مسلسل کام کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے سے تقریباً 500 لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن چائنا سینٹرل ٹی وی نے بتایا کہ ژینزیانگ قصبے میں امدادی کارکنان پوری رات مٹی کے تودے ہٹاتے رہے۔

اس نے مزید بتایا کہ امدادی کارکنوں کو برف، برف سے ڈھکی ہوئی سڑکوں اور انتہائی سرد درجہ حرارت جیسی مشکلات کا سامنا ہے لیکن وہ اس کے باوجود کام کررہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے کم از کم تین دنوں تک برفانی موسم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

چین میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک، 25لاپتہ

ایک ریسکیو ٹیم نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ بھربھری مٹی بھی بچاو کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہی ہے کیونکہ ایسے حالات میں بڑی مشینوں کا استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے ابتدائی جانچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ ایک کھڑی چٹان کے اوپری حصے کے گرنے کی وجہ سے ہوئی۔

زلزلے میں کم از کم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جب کہ 120 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا یا وہ منہدم ہو گئے
زلزلے میں کم از کم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جب کہ 120 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا یا وہ منہدم ہو گئےتصویر: STR/AFP/Getty Images

مغربی سنکیانگ میں زلزلے کے جھٹکے

ادھر منگل کی صبح چین کے مغربی سنکیانگ علاقے میں ایک کم آبادی والے علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 7.1  درج کی گئی۔

حکام نے بتایا کہ زلزلے میں کم از کم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جب کہ 120 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا یا وہ منہدم ہو گئے۔

چین میں زلزلہ، ہلاکتیں 75 تک پہنچ گئیں

چائنا ارتھ کوئک نیٹ ورکس سینٹر نے بتایا کہ زلزلہ صبح تقریباً دو بجے آیا۔ اس نے اکسو علاقے کے اچترپن قصبے کو ہلا کر رکھ دیا۔

تقریباً دو سو امدادی کارکنان متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔ لیکن انہیں بھی انتہائی سخت سردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چین میں بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 28 ہلاک

چین میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعا ت اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ گزشتہ سال اندرونی منگولیا علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 ج ا/  ص ز (اے پی، روئٹرز)