1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: مانچسٹر اور بائرن کا میچ برابر

شامل شمس2 اپریل 2014

یورپی فٹ بال ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل مقابلے میں مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن بائرن میونخ کو جیت سے روکنے میں کامیاب رہی۔ دوسری طرف بارسلونا اور اٹلیٹیکو میڈرڈ کا میچ بھی برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/1BZrA
REUTERS/Michael Dalder
تصویر: Reuters/Michael Dalder

منگل کی شب مانچیسٹر میں کھیلا گیا چیمپئنز لیگ کاکوارٹر فائنل سنسنی خیز رہا اور دل چسپ بھی۔ میچ سے قبل یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ دفاعی چیمپئن جرمن کلب بائرن میونخ مشکلات کی شکار برطانوی ٹیم مانچسٹر یونائٹیڈ کو باآسانی شکست دینے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم مانچسٹر نے بائرن کو فتح سے روکنے کے لیے جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

یونائٹیڈ کی جانب سے ویڈچ نے میچ کے دوسرے ہاف میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم میچ کے آخری لمحات میں بائرن کے شوائن اشٹائیگر نے گول کر کے میچ ڈرا کر دیا۔ ان ٹیموں کے درمیان کوارٹر فائنل کا دوسرا ’لیگ‘ میونخ میں کھیلا جائے گا۔ بائرن کو مانچسٹر کے گراؤنڈ میں ایک گول کرنے کی وجہ سے ایک ’اوے گول‘ یا دوسری ٹیم کے گراؤنڈ میں گول کرنے کا فائدہ حاصل ہو گیا ہے۔

میچ کے بعد بائرن میونخ کے کھلاڑی روبن کا کہنا تھا کہ میچ انتہائی عمدہ رہا تاہم مانچسٹر کی ساری توجہ دفاعی کھیل پر مرکوز رہی۔ بائرن کے ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا نے بھی اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور اسکور کو اپنی ٹیم کے لیے مثبت قرار دیا۔ دوسری جانب برطانوی کلب کے کوچ ڈیوڈ موئیس نے ایک گول کی سبقت کو ضائع کرنے پر افسوس کا اظہار تو کیا لیکن اپنے کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔

منگل کی شب ایک اور کوارٹر فائنل بھی کھیلا گیا جس کا نتیجہ بھی پہلے میچ جیسا ہی رہا۔ یہ میچ دو ہسپانوی کلبوں، ایف سی بارسلونا اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان بارسلونا کے گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ میچ کا پہلا گول میڈرڈ کی ٹیم کے کھلاڑی ڈیاگو نے میچ کے دوسرے ہاف میں کیا جب کہ بارسلونا کے نوجوان برازیلی کھلاڑی نیئمار نے اکہترویں منٹ میں کیا۔

آج بدھ کے روز بھی دو کوارٹر فائل میچ کھیلے جائیں گے۔ برطانوی کلب چیلسی کیا مقابلہ فرانس کے کلب پی ایس جی سے جب کہ جرمن کلب ڈورٹمنڈ اور ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ آمنے سامنے ہوں گے۔

کوارٹر فائنل مقابلوں کے دوسرا ’لیگ‘ آٹھ اور نو اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ اس برس چیمپئنز لیگ کا فائنل پرتگال کے شہر لزبن میں کھیلا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید