1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کے رواں سیزن کا تاج بائرن میونخ کے سر

عاطف توقیر26 مارچ 2014

منگل کو ہیرتھا برلن کے خلاف فتح حاصل کر کے بائرن میونخ نے رواں سیزن کی جرمن فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ اس بار بائرن میونخ نے یہ اعزاز ریکارڈ وقت میں حاصل کر کے ایک نئی تاریخ بھی رقم کر دی۔

https://p.dw.com/p/1BVlG
تصویر: Getty Images

منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں بائرن میونخ نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے بآسانی ہرا دیا۔ اس میچ میں بائرن میونخ کی طرف سے ٹونی کروز، ماریو گؤٹسے اور فرانک ریبری نے گول کر کے بائرن میونخ کو جرمن کی اس قومی فٹ بال چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اس لیگ کے ختم ہونے سے سات میچ ڈے قبل ہی دلوا دیا۔ دفاعی چمپیئن بائرن میونخ نے اس بار پچھلی دفعہ سے بھی بڑھ کر کارکردگی دکھائی اور پوائنٹس ٹیبل پر شروع ہی سے کسی ٹیم کو اپنے قریب نہیں آنے دیا۔

اس میچ میں فتح کے باوجود بائرن میونخ کو ٹرافی کے لیے اس چیمپیئن شپ کے مکمل اختتام یعنی 10 مئی تک کا انتظار کرنا پڑے گا، تاہم میچ کی فتح کے بعد کھلاڑیوں نے اپنے فینز کے ساتھ فتح کا خوب جشن منایا۔

Fußball Bundesliga - Der FC Bayern München ist Meister
بائرن میونخ اس سیزن کی چیمپیئن ٹیم بن گئی ہےتصویر: Getty Images

واضح رہے کہ پچھلے برس بائرن میونخ کی ٹیم نے کوچ یُپ ہینکیس کے نگرانی میں بنڈس لیگا میں ریکارڈ ساز کارکردگی دکھائی تھی، تاہم بارسلونا کے کوچ گارڈیولا کی بائرن میونخ کلب میں بطور کوچ شمولیت کے بعد اس ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 19 لیگ میچوں میں یہ کلب ناقابل شکست رہا ہے جب مجموعی طور پر پچھلے 52 میچوں میں اسے کوئی ٹیم شکست دینے میں کامیاب نہیں ہو پائی۔

خیال رہے کہ 27ویں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ نے 77 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، یعنی اس سیزن میں اب تک کھیلے گئے 27 میچوں میں اسے 25 میں کامیابی ملی ہے جب کہ اس کے دو میچز ڈرا رہے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ٹیمیں ڈورٹمنڈ اور شالکے اب اپنے باقی تمام سات میچز جیت بھی جائیں اور بائرن میونخ کی ٹیم اپنے باقی تمام سات میچز ہار بھی جائے تب بھی ان ٹیموں کے پوائنٹس بائرن میونخ کے برابر نہیں ہو پائیں گے۔ اس وقت ڈورٹمنڈ کی ٹیم 52 اور شالکے کی ٹیم 51 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشنوں پر ہیں۔