1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ، ریال میڈرڈ نے ڈورٹمنڈ کو ہرا دیا

عاطف بلوچ3 اپریل 2014

چیمپئنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں ریال میڈرڈ اور پیرس سینٹ جیرمین نے بالترتیب بوروسیا ڈورٹمنڈ اور چیلسی کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1BaT8
مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈوتصویر: Getty Images

فٹ بال کی یورپی چیمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کے سلسلے میں بدھ کو دو میچ کھیلے گئے۔ ان میں اسپین کے معروف کلب ریال میڈرڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر جرمن کلب ڈورٹمنڈ کو تین صفر سے مات دی جبکہ فرانسیسی ٹیم پیرس سینٹ جیرمین (پی ایس ڈی) نے پیرس میں کھیلے گئے ایک میچ میں برطانوی کلب چیلسی کو حیرت انگیز طور پر ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دے دی۔

UEFA Champions League Real Madrid Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ کو ’کم بیک‘ کرنے کے لیے غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہو گیتصویر: picture-alliance/dpa

کوارٹر فائنل کے ڈراز میں جب ڈورٹمنڈ کو معلوم ہوا تھا کہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اسے میڈرڈ کو ہرانا ہو گا تو یہ جرمن کلب کچھ زیادہ مطمئن دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ بدھ کو میڈرڈ میں بارش کے دوران کھیلے گئے اس میچ میں ڈورٹمنڈ کے متعدد نمایاں کھلاڑی دستیاب نہیں تھے۔ کچھ زخمی تھے جبکہ کچھ پر پابندی عائد تھی۔ ڈورٹمنڈ کے اہم اسٹرائیکر رابرٹ لیونڈوسکی بھی ’بکنگ‘ کے باعث اس میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

کرسٹیانو رونالڈو اور میڈرڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے آگے جرمن کلب بے بس نظر آیا اور ہسپانوی کلب نوے منٹ دورانیے کے اس میچ میں چھایا رہا۔ تیسرے منٹ میں ہی Gareth Bale نے ڈورٹمنڈ کے گول کیپر رومان وائیڈن فلیڈ کو دفاع کا موقع فراہم کیے بغیر ہی گول کر دیا۔ کھیل کی ابتداء میں اس گول نے میڈرڈ کو ایک ایسی توانائی فراہم کی، جو کھیل کے اختتام تک بڑھتی ہی چلی گئی۔

کھیل کے 27 ویں منٹ میں ہسپانوی کلب کے مڈ فلیڈر Isco نے ایک اور گول کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک میڈرڈ کو صفر دو سے برتری حاصل تھی، جب دوسرا ہاف شروع ہوا تو ڈورٹمنڈ نے کچھ سنبھل کر کھیل کا آغاز کیا لیکن ان کا کوئی بھی حملہ گول میں تبدیل نہ ہو سکا۔ اس نفسیاتی کشمکش میں 75 منٹ نے مایہ ناز کھلاڑی رونالڈو نے میڈرڈ کے لیے تیسرا گول کر دیا اور جرمن کلب کی کامیابی کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ اس ٹورنامنٹ میں رونالڈو کا یہ 14 واں گول تھا۔

میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ ژورگن کلاپ نے کہا، ’’ہمارے خلاف گول ہوئے ہیں۔ ہم کھیل کے دوران کوئی مؤثر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ابتدائی گول کے بعد ہمیں سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ریال میڈرڈ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر گول کرتی ہے۔

بدھ کے دن کھیلے گئے ایک اور کوارٹر فائنل میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جیرمین کی کارکردگی بھی دیدنی رہی۔ ناقدین کے بقول وہ یہ نہیں سوچ رہے تھے کہ برطانوی کلب چیلسی اتنی آسانی سے شکست کھا جائے گا۔ لیکن ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کھانے کے بعد کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں اب اس کا ’کم بیک‘ کرنا ایک مشکل امر معلوم ہو رہا ہے۔

یہ چاروں ٹیمیں آٹھ اپریل کو کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں آمنے سامنے آئیں گی۔ اگر ڈورٹمنڈ یا چیلسی کو سیمی فائنل تک پہنچنا ہے تو انہیں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مد مقابل حریفوں کو ایک بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔