1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف ترکی کے دورے پر

31 مئی 2022

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف منگل 31 مئی کو ترکی کے تین روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔ وہ پاکستان اور ترکی کے مابین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ایک یادگاری نشان بھی جاری کریں گے۔

https://p.dw.com/p/4C4Hg
Prime Minister Shahbaz Sharif
(فائل فوٹو)تصویر: National Assembly of Pakistan/AP/picture alliance

پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف ترکی میں اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ باہمی تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

خیال رہے کہ صدر ایردوآن پہلے عالمی رہنما تھے جنہوں نے شہباز شریف کو  11اپریل کو وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے مبارک باد دی تھی۔

شہباز شریف کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ترکی جارہا ہے جس میں متعدد وزراء، وزیر اعظم کے خصوصی معاونین اور اعلی عہدیداران شامل ہیں۔

 پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ایک دیگر بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک تجارتی وفد بھی اس دوران ترکی کا دورہ کرے گا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں وہ ترکی میں تجارتی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

پاکستان ۔ ترکی سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ

شہباز شریف اور رجب طیب ایردوآن باہمی ملاقات کے علاوہ وفد کی سطح پر بھی بات چیت میں حصہ لیں گے۔ دونوں رہنما پاکستان اور ترکی کے سفارتی تعلقات کے 75برس مکمل ہونے پر ایک یادگاری نشان جاری کریں گے۔

پاکستان کی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ  یہ دورہ پاکستان کے روایتی با اعتماد دوستوں اور برادر ممالک سے دوطرفہ تعلقات کی تجدید کے سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کئی ٹوئٹ کرکے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے علاوہ سرمایہ کاری، تجارت، صحت، تعلیم، ثقافت اور باہمی مفاد کے دیگر شعبہ جات میں تعاون کے حوالے سے بھی نہایت اہم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاک ترکی بزنس کونسل کا اجلاس اور وزیراعظم کی ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وزیر اعظم ترک ہیرو مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری بھی دیں گے۔جبکہ صدر ایردوآن وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

Großbritannien | Boris Johnson
تصویر: Matt Dunham/AP Photo/picture alliance

شہباز شریف کی بورس جانسن سے با ت چیت

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے پیر کے روز فون پر بات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شاندار انداز میں منانے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق شہبا ز شریف نے بورس جانسن کے ساتھ باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے نیز باہمی مفاد کے امور پر بات چیت کی۔ دونوں ملکوں کے مابین اسٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک دس سالہ روڈ میپ تیار کرنے کا مشورہ دیا۔

شہباز شریف نے بورس جانسن کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

 ج ا/ ص ز (ایجنسیاں)

پاکستان سے چلی تک، ترک ڈراموں کی دھوم کیوں؟

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید