1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر حامد کرزئی کی مبارکباد

12 مئی 2013

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے پاکستان میں ہونے والے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر پاکستانی عبوری حکومت کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔

https://p.dw.com/p/18WUE
REUTERS/Mohammad Ismail (AFGHANISTAN
تصویر: REUTERS

گزشتہ روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں مسلم لیگ نواز گروپ کو مرکز اور پنجاب میں واضح اکثریت حاصل ہو گئی ہے اور یوں میاں نواز شریف کے تیسری بار وزیر اعظم بننے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ اس بارے میں ایک رپورٹ کے ساتھ، شامل شمس۔۔۔

افغان صدر حامد کرزئی نے پاکستانی حکومت کو بھیجے گئے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور افغانستان مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور علاقے کو محفوظ بنائیں گے۔ کرزئی کا کہنا تھا، ’’دہشت گردی کے خطرے کے باوجود انتخابات میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شمولیت اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستانی عوام جمہوریت چاہتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئی حکومت افغانستان کے ساتھ امن اور بھائی چارے کے لیے راستہ ہموار کرے گی۔

(Xinhua/Jamil Ahmed)(zf)
مبصرین کے مطابق نواز شریف مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گےتصویر: picture-alliance/landov

قبل ازیں پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ شب ہی پارلیمانی انتخابات میں اپنی جماعت پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی فتح کا اعلان کر دیا تھا۔ ابتدائی نتائج آنے کے بعد ہفتے کی شب نواز شریف نے اپنے پارٹی ہیڈ کوارٹرز میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ پی ایم ایل (نواز) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ اس موقع پر ان کے بھائی شہباز شریف اور بیٹی مریم نواز بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ نواز، وفاق اور صوبہ پنجاب میں واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے جب کہ عمران خان کی تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں دوسری پوزیشن کے لیے مقابلہ ہے۔ مبصرین کے مطابق نواز شریف مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان نے انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست تسلیم کر لی ہے، تاہم انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں حکومت بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے ہیں اور کہا ہے کہ عنقریب ان کی جماعت اس حوالے سے ’وائٹ پیپیر‘ شائع کرے گی۔

پاکستان الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں ہونے والے انتخابات میں ووٹنگ کا تناسب تقریباً ساٹھ فیصد رہا۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ فخر الدین جی ابراہیم نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادانہ اور غیر جانبدارنہ انتخابات منعقد کروا کر وہ بہت خوش ہیں۔ اس دوران فخر الدین جی ابراہیم نے پہلے سرکاری نتائج کا بھی اعلان کیا۔ پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 86 ملین ہے۔ ووٹنگ کے دِن مختلف علاقوں میں پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق1977ء کے بعد پہلی مرتبہ ٹرن آؤٹ اتنا زیادہ رہا ہے۔

shs/aba AFP, Reuters

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں