1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 ٹی ٹی پی کے خلاف ایکشن کا مطالبہ: کیا ایکشن ممکن ہے؟

23 اگست 2021

پاکستان متعدد مرتبہ کہہ چکا ہے کہ پاکستانی طالبان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ اس ضمن میں افغان طالبان پاکستانی مطالبے کے حوالے سے تفتیش کے حق میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/3zNZG
Pakistan Taliban-Führer Mullah Fazlullah
تصویر: picture-alliance/dpa/Ttp

افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد پاکستان کی طرف سے کئی بار یہ اشارے کیے گئے ہیں کہ افغان طالبان پاکستانی طالبان کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کریں۔

ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ افغان طالبان نے ایک کمیشن بنا دیا ہے، جو ٹی ٹی پی کے حوالے سے پاکستان کی شکایات کی تحقیق و تفتیش کرے گا۔ لیکن پاکستان میں کئی حلقے یہ بحث بھی کر رہے ہیں کہ آیا افغان طالبان ٹی ٹی پی، جو ان کے نظریاتی بھائی ہیں، کے خلاف کوئی ٹھوس اقدامات کریں گے۔

ٹی ٹی پی کے ہزاروں جنگجو افغان سرحد پر موجود، اقوام متحدہ

پاکستانی مطالبہ

اس حوالے سے جب ڈی ڈبلیو نے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب سے رابطہ کیا تو انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا۔ "مجھے انتہائی قابل اعتبار ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے افغان طالبان کو ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے حوالے سے کہا تھا۔ افغان طالبان کا کہنا تھا کہ وہ ٹی ٹی پی سے کہیں گے کہ وہ پاکستان کے ساتھ معاملات طے کرے، اپنے آپ کو غیر مسلح کرے اور  افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرے۔‘‘

Pakistan Taliban-Führer Mullah Fazlullah
ملا فضل اللہ تحریک طالبان پاکستان کا تیسرا رہنما تھا سن 2008 میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/Site Intel Group

جنرل امجد شیعب کے بقول اب ایک کمیشن بھی اس حوالے سے بنایا گیا ہے۔ "اس کمیشن کو ٹی ٹی پی سے مذاکرات کرنے تھے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مذاکرات ہوئے ہیں یا نہیں۔‘‘

ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی بہت مشکل ہے 

کئی ناقدین کا دعویٰ ہے کہ افغان طالبان کبھی بھی ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے کیونکہ وہ ان کے نظریاتی بھائی ہیں اور پاکستانی حکام صرف اپنے دل کو بہلا رہے ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار مختار باچا، جن کی افغان امور پر بہت گہری نظر ہے، کہتے ہیں کہ ماضی میں ٹی ٹی پی کے امیر افغان طالبان کے امیر کے ہاتھ پر بیعت کرتے رہے ہیں اور ابھی نور ولی محسود نے بھی افغان طالبان کے امیر کے ہاتھ پر بیعت کی ہے۔

پاکستانی معاشرے میں ’مذہبیت عسکریت پسندی میں اضافے کی وجہ‘

کارروائی ناممکن

مختار باچا کے بقول یہ ممکن ہے کہ کچھ چھوٹے لیول کے جنگجوؤں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے لیکن ٹی ٹی پی کے خلاف کوئی فیصلہ کن کارروائی بالکل ناممکن ہے، "اس کے لئے ہمیں جہادیوں کی نظریاتی سوچ کا بھی جائزہ لینا ہوگا، جس کے مطابق ٹی ٹی پی کے جنگجو اس وقت مہاجرین ہیں اور افغان طالبان اپنے آپ کو انصار کہتے ہیں، افغان طالبان نے ماضی میں اسی بنیاد پر اسامہ بن لادن کو امریکہ کے حوالے نہیں کیا تھا۔ ان کے خیال میں ٹی ٹی پی نے ان کے ساتھ امریکہ کے خلاف جنگ کر کے امارت اسلامی پر احسان کیا ہے۔‘‘

Afghanistan Kabul | Taliban-Checkpoint
تحریک طالبان پاکستان کے کارکنوں کو افغان طالبان کا نظریاتی بھائی قرار دیا جاتا ہےتصویر: Rahmat Gul/AP/picture alliance

اگر چاہیں تو ایکشن ہو سکتا ہے 

خیبر پختونخواہ کے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار عطااللہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان طالبان کی حمایت کی ہے اور اگر افغان طالبان چاہیں تو وہ ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کے خلاف بالکل ایکشن لے سکتے ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "پاکستان نے نوے کی دہائی میں بھی طالبان کی حمایت کی تھی اور اس وقت بھی وہ خطے میں ان کا سب سے بڑا حامی ہے۔ افغان طالبان اس وقت مضبوط ہیں اور ٹی ٹی پی والے کمزور ہیں اور ان کو اس بات کا پابند کر سکتے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف کوئی مسلح کارروائی نہ کریں۔‘‘

'احسان اللہ ہمارا مجرم ہے، ریاست کیسے معاف کر سکتی ہے‘

پاکستانی طالبان کو غیر مسلح کیا جائے

عطاء اللہ خان کے بقول، "ماضی میں پاکستانی طالبان نے ملک میں ریاست کے خلاف لڑائی کی، جس سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا تو یقینا پاکستان کا یہی مطالبہ ہے کہ پاکستانی طالبان کو غیر مسلح کیا جائے اور کسی بھی طرح پاکستان میں کوئی مسلح جد وجہد نہ ہو۔ افغان طالبان ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کو اس بات پر آمادہ کر سکتے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف مسلح جدوجہد نہ کریں۔‘‘

Pakistan Father of Taliban Samiul Haq Kleriker
مذہبی و سیاسی لیڈر مولانا سمیع الحق کو بابائے طالبان کہا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sajjad

دباو رکھنا چاہیے

حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ پاکستان کے سارے مطالبات اس وقت مان لیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "لیکن اگر پاکستانی حکومت کسی سطح پر ان سے یہ کہہ رہی ہے کہ ٹی ٹی پی کے خلاف ایکشن لیا جائے تو یہ ایک مثبت بات ہے۔ تاہم میرے خیال میں افغان طالبان خود بھی بہت سارے مسائل کا شکار ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان کو افغان طالبان سے کم از کم یہ مطالبہ ضرور منوا لینا چاہیے کہ افغانستان کی طرف سے کوئی کراس بارڈر حملہ پاکستان میں نہ ہو۔‘‘