نیٹو سمٹ: افغانستان سے انخلاء پر غور
19 نومبر 2010پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں مغربی دفاعی نیٹو کی اس دو روزہ سمٹ میں 2014ء تک افغانستان میں سلامتی کی ذمہ داریاں کابل حکومت کے سپرد کرنے کے معاملے کو کلیدی اہمیت حاصل رہے گی۔ نیٹو کے سامنے جو صورتحال ہے اس کے مطابق افغانستان پر امریکی حملے اور طالبان حکومت کے خاتمے سے اب تک لگ بھگ 2200 اتحادی فوجی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں جنگی حکمت عملی سے متعلق کابل حکومت کے ساتھ اختلافات بھی ابھر رہے ہیں۔ نیٹو کی ترجیحات میں سر فہرست نکتہ یہ ہوسکتا ہے کہ اگلے سال کے اوائل سے فوجی انخلاء کا آغاز کیا جائے۔
1949ء میں سابق سوویت یونین کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنے کے لئے تشکیل دئے گئے اس دفاعی اتحاد کے لئے افغانستان سے واپسی کا راستہ چننا ایک بڑے امتحان کی صورت اختیار کر گیا ہے۔
ادھر کابل میں 29 افغان و بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان سے متعلق نئی حکمت عملی میں شہریوں کی سلامتی کو مرکزی اہمیت دی جائے۔ ایک مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سلامتی کی ذمہ داری افغان فورسز کو سونپنے اور کمیونٹی فورس تشکیل دینے سے بدامنی و زیادتی کے واقعات بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔
بیان کے مطابق افغان سکیورٹی اہلکاروں میں خواندگی کی کمی ہے اور ان کی صلاحیت بھی مشکوک ہے۔ امدادی تنظیموں کے مطابق رواں سال کے چھ ماہ میں ریکارڈ 1271 عام شہریوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ بیان میں مغربی دفاعی اتحاد سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ افغان جنگ کا وقتی حل تلاش کرنے کی کوشش نہ کریں۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرس فوگ راسموسن اعتراف کرچکے ہیں کہ افغان مشن کو آسان سمجھا گیا اور اس میں بہت سی کوتاہیاں بھی ہوئیں۔ راسموسن نے ایک حالیہ انٹرویو میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں اب جس حکمت عملی پر کام ہورہا ہے وہ درست سمت میں گامزن ہے اور لزبن میں ہی یہ اعلان کردیا جائے گا کہ ذمہ داریوں کی منتقلی کے عمل کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔
نیٹو حکام کا اصرار ہے کہ فوجی انخلاء کا سلسلہ شروع کرنا میدان چھوڑ کر بھاگنے والی بات نہیں بلکہ افغان جنگ کا اتحادی ممالک میں غیر مقبول ہونا رکن ممالک کی حکومتوں پر دباؤ کا سبب بن رہا ہے۔ کابل میں نیٹو کے نمائندے مارک سیڈول عندیہ دے چکے ہیں کہ اتحادی افواج 2014ء کے بعد بھی بر سر پیکار رہیں گے۔
لزبن میں افغانستان سے ہٹ کر جن امور کو چھیڑا جائے گا ان میں یورپ میں میزائل دفاعی نظام کی تنصیب کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ مغربی دفاعی اتحاد کے رکن ممالک کو نئے دور کے سائبر حملوں سے محفوظ بنانے کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔ نیٹو کی اس سمٹ میں روس کے ساتھ بہتر تعلقات کے فروغ کا احاطہ بھی کیا جائے گا۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عاطف بلوچ