میکسیکو میں زلزلے کے زبردست جھٹکے
8 ستمبر 2021اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس کی وجہ سے کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ زلزلے کی شدت سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کے نظام کی معطلی کی بھی اطلاع ہے۔
زلزلے کا مرکز سیاحتی مقام اکاپلکو کے پاس تھا تاہم وہاں سے تقریباً سوا دو سو کلو میٹر دور میکسیکو سٹی میں بھی اس کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور علاقے کی عمارتیں لرز گئیں۔ زلزلے کی وجہ سے سب سے پہلے جس شخص کی موت کی اطلاعات ملی اس کا تعلق گویوکا سے بتایا جاتا ہے۔ حکام نے مقامی میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ متاثرہ شخص پر ایک بجلی کا کھمبا گرا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔
امریکا میں سونامی کی وارننگ دینے والے ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی اور ایسے کسی خطرے کی توقع بھی نہیں ہے۔
اکاپولکو کی میئر اڈیلہ رومن نے ایک بیان میں کہا کہ ابھی تک کوئی بہت سنگین صورت حال کی اطلاع نہیں ہے اور ان کے علاقے میں کسی ہلاکت کی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا، '' لوگ ذہنی تناؤ کا شکار اور اعصابی عارضے میں ضرور مبتلا ہیں۔ وہ کافی پریشان ہیں کیونکہ انہیں زبردست جھٹکے لگے ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’ بہت سے مقامات پر گیس لیک ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں اور بعض جگہوں پر زمین کے تودے کھسکنے اور دیواریں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔‘‘
میکسیکو کے صدر انڈریز مینویل لوپیز اوراڈر کا کہنا ہے کہ زلزلے نے پہاڑوں کے نیچے پتھروں اور دیواروں کو نقصان پہنچایا ہے، تاہم اس سے ریاست گوریرو میں شدید نقصان نہیں پہنچا ہے، جہاں اکاپولکو واقع ہے۔
ان کا کہنا تھا،’’ خوش قسمتی سے بہت زیادہ نقصان نہیں پہنچا ہے۔ ابھی تک ہمارے پاس کسی بھی شخص کی موت کی اطلاع نہیں ہے۔‘‘
بجلی کی فراہمی منقطع
زلزلے کے سبب میکسیکو سٹی میں تقریبا ایک منٹ تک زمین ہلتی رہی۔ اس کے خوف کے سبب بہت سے لوگوں اپنے گھروں سے باہر نکلے اور اپنی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا۔ تاہم ابتدائی طور پر دارالحکومت سے کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔
لیکن شہر کی میئر کلاڈیا شین بام نے ایک مقامی ٹی وی چینل سے بات چیت میں کہا کہ کچھ علاقوں میں بجلی کی ترسیل بند ہو گئی ہے۔ انہوں نے ایک سینیئر عہدیدار کی ایک ٹویٹ پوسٹ کو شیئر کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ زلزلے کی وجہ سے شہر کے کچھ حصوں میں ’’ بجلی کی کمی‘‘ ہے۔
سن 1985 میں میکسیکو سٹی میں بھیانک زلزلہ آیا تھا جس سے زبردست جانی و مالی تباہی آئی تھی۔ اس زلزلے سے سینکڑوں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے تھے اور بڑے پیمانے پر عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔
ص ز/ ک م (اے پی ، روئٹڑز)