1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہآسٹریلیا

مگرمچھوں سے ڈرا ہوا برہنہ شخص: ’آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا‘

6 جنوری 2021

آسٹریلیا میں ایک شخص ساحلی جنگلاتی علاقے میں بےشمار مگرمچھوں کے ڈر سے برہنہ حالت میں ایک درخت پر چڑھ کر کئی روز تک وہاں بیٹھا رہا۔ اسے مقامی ماہی گیروں نے بچایا مگر بعد میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ وہ ایک مفرور مجرم تھا۔

https://p.dw.com/p/3naP8
تصویر: picture-alliance/Anka Agency International/G. Lacz

شمالی آسٹریلیا میں یہ واقعہ ڈارون نامی شہر کے قریب گزشتہ اتوار کے روز پیش آیا۔ کیون جوائنر اور کیم فاؤسٹ نامی دو مقامی ماہی گیروں نے مچھلیاں پکڑنے کے بعد سمندر سے واپسی پر دیکھا کہ ساحلی علاقے میں درختوں کے ایک جھنڈ میں ایک ایسا شخص ایک درخت پر بیٹھا ہوا تھا، جو برہنہ تھا اور مد د کے لیے پکار رہا تھا۔

انڈونیشیا: مشتعل ہجوم کا ’بدلہ‘، تین سو مگرمچھ مار دیے

مدد کی درخواست

کیون جوائنر نے نائن نیوز نامی نشریاتی ادارے کو بدھ چھ جنوری کے روز بتایا، ''وہ بلند آواز میں مدد کی درخواست کر رہا تھا۔ ہم نے اس بے لباس شخص کی درخت سے نیچے اترنے میں مدد کی۔ اس کا سارا جسم خشک ہو چکے کیچڑ میں لتھڑا ہوا تھا اور اس پر جگہ جگہ مچھروں کے کاٹے کے نشانات تھے۔‘‘

نودریافت شدہ انواع حیات کو لاحق خطرات

مقامی میڈیا کے مطابق ان ماہی گیروں نے بتایا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر تھے کہ یہ شخص اس درخت پر کیا کر رہا تھا۔ ان کی رائے میں وہ کئی دنوں سے اس درخت پر چڑھا ہوا تھا۔

بھارتی گاؤں کے ایک گھر میں مگرمچھ بنا بِن بلایا مہمان

کیم فاؤسٹ کے مطابق، ''اسے مدد کی ضرورت تھی، وہ جسمانی طور پر پانی کی کمی کا شکار ہو چکا تھا۔ ہم نے اسے پہننے کے لیے شارٹس دیں، پینے کے لیے ایک بیئر اور پھر اسے ڈارون پہنچا دیا۔‘‘

ہسپتال میں ہی گرفتاری

ان دونوں مقامی ماہی گیروں نے اس شخص کو علاج اور طبی دیکھ بھال کے لیے ڈارون شہر کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا تھا۔ جب پولیس کو اس واقعے کی اطلاع ملی تو ایک پولیس ٹیم اس لیے ہسپتال پہنچ گئی کہ حقائق کا پتا چلا لیا جائے۔

جب پولیس اہلکار ہسپتال پہنچے تو انہوں نے وہیں پر اس شخص کو گرفتار کر کے اس کے کمرے کے باہر گارڈ بٹھا دیا۔ وجہ یہ تھی کہ یہ شخص ماضی میں مسلح ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں سزا یافتہ تھا اور اپنی ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مفرور اور لاپتا ہو گیا تھا۔

’مگرمچھوں میں دانتوں کا دوبارہ اگنا، انسانوں کے لیے ممکنہ ماڈل‘

ہسپتال کے بعد پھر جیل

اس مفرور مجرم کو بچانے والے دونوں ماہی گیروں کو جب اس کے مطلوب ہونے کی وجہ سے گرفتاری کا علم ہوا، تو انہوں نے مقامی میڈیا کو بتایا، ''ہمیں تو اس نے کہا تھا کہ وہ راستہ بھول گیا تھا اور پھر مگرمچھوں کے خوف سے پانی میں نہاتے ہوئے برہنہ ہی ایک درخت پر چڑھ گیا تھا۔ ہم تو یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ ماضی میں مسلح ڈکیتیوں کا مرتکب ہوا تھا۔‘‘

یہ مجرم اس وقت پولیس کی نگرانی میں رائل ہسپتال ڈارون میں زیر علاج ہے اور ہسپتال سے فارغ کیے جانے کے بعد اسے جیل منتقل کر دیا جائے گا۔

م م / ع ب (اے ایف پی)