1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملتان سے دو یورپی امدادی کارکنوں کا اغوا‍ء

20 جنوری 2012

وسطی پاکستان کے شہر ملتان میں کام کرنے والے دو مغربی امدادی کارکنوں کو اغواء کر لیا گیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق ان غیر ملکیوں کو مسلح افراد نے جمعرات کے روز اغواء کیا۔

https://p.dw.com/p/13muv
ملتان میں امریکہ کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے کے شرکاء، فائل فوٹوتصویر: dapd

پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر ملتان سے ملنے والی رپورٹوں میں روئٹرز کے علاوہ دیگر خبر ایجنسیوں نے بھی اپنے مراسلوں میں لکھا ہے کہ پولیس کے ایک اعلیٰ مقامی اہلکار عامر ذوالفقار کے بقول اغواء کیے گئے غیر ملکیوں میں سے ایک کا تعلق اٹلی سے ہے جبکہ دوسرا ایک جرمن شہری بتایا جاتا ہے۔

ان یورپی باشندوں کو جس گھر سے اغواء کیا گیا، اس کے باہر کھڑے ہوئے عامر ذوالفقار نے صحافیوں کو بتایا، ’تین مسلح افراد اس گھر میں داخل ہوئے اور دونوں غیر ملکی شہریوں کو اغواء کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔‘

Pakistan Haqqani Terrorismus USA Protest Demonstration Flash-Galerie
ملتان میں امریکہ مخالف مظاہرے کے دوران امریکی پرچم جلائے جا رہے ہیں، فائل فوٹوتصویر: picture alliance/dpa

ملتان سٹی کے پولیس آفیسر عامر ذوالفقار نے جمعرات کی رات مزید بتایا، ’ابھی تک ہم طے نہیں کر سکے کہ اغواء کے اس واقعے کا محرک کیا ہے۔ ہم اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم فی الحال کوئی بھی بات یقین سے کہنا مشکل ہے۔‘

اسی دوران روم میں اطالوی وزارت خارجہ نے جمعرات کی رات اپنے ایک بیان میں اس امر کی تصدیق کر دی کہ ایک اطالوی شہری کو پاکستانی صوبہ پنجاب کے جنوبی حصے میں اغواء کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کی طرف سے اس بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں کہا گیا کہ آیا اغواء کیا جانے والا دوسرا یورپی شہری واقعی ایک جرمن باشندہ ہے۔ تاہم اسی دوران آج جمعے کی صبح کو اسلام آباد میں پاکستانی پولیس نے تصدیق کر دی کہ ملتان سے ایک جرمن امدادی کارکن کو اس کے ایک اطالوی ساتھی کے ساتھ چند مسلح افراد نے اغواء کر لیا ہے۔

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق پاکستان میں جرائم پیشہ افراد کے مسلح گروہوں کی طرف سے غیر ملکی امدادی کارکنوں کو اکثر اس لیے اغواء کر لیا جاتا ہے کہ ان کی رہائی کے بدلے تاوان وصول کیا جا سکے۔ تاہم پاکستانی حکام کے بقول غیر ملکیوں کے اغواء کی وارداتوں کے پیچھے طالبان عسکریت پسند بھی ہوتے ہیں۔

Logo Rotes Kreuz
کوئٹہ سے اغواء کیے گئے برطانوی ڈاکٹر کا تعلق بین الاقوامی ریڈ کراس سے تھاتصویر: cc

اسی مہینے کی پانچ تاریخ کو جنوب مغربی پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے لیے کام کرنے والے ایک برطانوی ڈاکٹر کو بھی مسلح افراد نے اغواء کر لیا تھا۔

اس کے علاوہ گزشتہ برس اگست میں وسطی پاکستان کے شہر لاہور میں مسلح افراد نے وارن وائن اسٹائن نامی ایک امریکی امدادی کارکن کو بھی اغواء کر لیا تھا۔ اس واقعے کے قریب چار ماہ بعد دسمبر میں وائن اسٹائن کو اغواء کر کے یرغمال بنا لینے کی ذمہ داری دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ نے قبول کر لی تھی۔

امریکی شہری وارن وائن اسٹائن کے اغواء سے چند ہفتے قبل گزشتہ برس جولائی میں صوبہ بلوچستان میں پاکستانی طالبان نے ایک سوئس جوڑے کو بھی اغواء کر لیا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں