1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی وزیر اعظم سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہو گئے

19 جنوری 2012

پاکستانی سپریم کورٹ نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی ہے۔ گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ صدر آصف زرداری کو مقدموں سے استثنیٰ حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/13le9
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: AP

یوسف رضا گیلانی نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ وہ عدلیہ کے لیے احترام کے اظہار کے طور پر پیش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو تہائی اکثریت سے منتخب ہونے والے صدر کے خلاف مقدمہ قائم کرنے سے اچھا تاثر قائم نہیں ہو گا۔

قبل ازیں وہ بھاری سکیورٹی میں عدالت پہنچے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عدالت پہنچنے پر گیلانی بہت مطمئن دکھائی دے رہے تھے۔ اس موقع پر کابینہ کے اعلیٰ ارکان اور اتحادی جماعتوں کے متعدد رہنما بھی موجود ہیں۔

حکام اس حوالے سے بات کرنے سے گریزاں رہے ہیں کہ وزیر اعظم اور ان کے وکیل عدالت میں کیا مؤقف اختیار کریں گے۔

گیلانی کو اس نوٹس کی وجہ سے چھ ماہ قید کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کا عہدہ کھونے کا خطرہ ہے۔ ان کے وکیل اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ گیلانی عدالت کی خواہش کے مطابق سوئس حکومت کو خط لکھ سکتے ہیں کیونکہ زرداری جب تک صدر ہیں انہیں ایسے مقدمات سے استثنیٰ حاصل ہے۔

انہیں اس پر سزا ہوئی تو وہ وزارت عظمیٰ کے منصب کے لیے نااہل ہو سکتے ہیں۔ عدالت نے پیر کو ان کے خلاف یہ نوٹس سیاستدانوں کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے دوبارہ کھولنے میں ناکامی پر جاری کیا۔ قبل ازیں گیلانی نے کہا تھا کہ وہ عدالت کے حکم کا احترام کرتے ہوئے اس کے سامنے پیش ہوں گے۔

توہین عدالت کے نوٹس نے گیلانی کی کمزور حکومت کو مزید بحران کی جانب دھکیل دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں حکومت آئندہ چند مہینوں میں ہی قبل از وقت انتخابات پر مجبور ہو سکتی ہے۔

سپریم کورٹ چاہتی ہے کہ یوسف رضا گیلانی سوئس حکومت سے صدر آصف زرداری کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے پھر سے کھولنے کا مطالبہ کریں۔ سوئس حکومت کو تحریری مطالبے سے گریز کی وضاحت کے لیے گیلانی کو عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔

Pakistans neuer Präsident Asif Ali Zardari
یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداریتصویر: AP

حکومت پر عدالت اور فوج کی جانب سے میمو اسکینڈل کی وجہ سے بھی دباؤ ہے، جس میں امریکہ سے فوج کے خلاف مدد طلب کی گئی تھی۔

اعتزاز احسن حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور ممتاز وکیل ہیں۔ انہیں عدلیہ بھی احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، جس کی وجہ سابق صدر پرویز مشرف کے دَور حکومت میں ججوں کی بحالی کی تحریک میں ان کا کردار ہے۔

اے ایف پی کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گیلانی کو یا تو مستعفی ہونا ہو گا یا اپنی نوکری بچانے کے لیے عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں