1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرف نے ’میری والدہ کو قتل کیا‘، بلاول

25 مئی 2012

پاکستان کی مقتول رہنما اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق فوجی حکمران پرویز مشرف نے ’میری والدہ کو قتل کیا‘۔

https://p.dw.com/p/152Fx
تصویر: dapd

سی این این کے ساتھ ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ جب اُن کی والدہ 2007 ء میں ملک واپس لوٹیں تو مشرف نے ان کی سکیورٹی کے منصوبے کو سبوتاژ کر دیا تھا۔ ''مجھے اعتماد ہے کہ پاکستانی حکومت مجھے تسلی بخش سکیورٹی فراہم کرے گی جبکہ سابقہ حکومت نے پاکستان میں میری والدہ کی سکیورٹی کو سبوتاژ کر دیا تھا۔‘‘

23 سالہ بلاول زرداری جو آکسفورڈ میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد گزشتہ برس پاکستان لوٹ گئے تھے، نے کہا کہ ان کی والدہ کے قتل کا سبب اسلامی انتہا پسند اور مشرف کی حکومت تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا: ’القاعدہ نے یہ حملہ کرنے کی ہدایات دی تھیں، طالبان نے حملہ کیا جبکہ مشرف نے یہ جانتے ہوئے بھی جان بوجھ کر میری والدہ کی سکیورٹی کو کمزور کیا تا کہ ان کا خاتمہ ہو جائے۔‘

Benazir Bhutto
بے نظیر بھٹو کو دسمبر 2007 ء کو راولپنڈی میں اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد واپس روانہ ہو رہی تھیںتصویر: picture-alliance/dpa

انہوں نے مزید کہا: ’اس (مشرف) نے میری والدہ کو قتل کیا۔ میں اپنی والدہ کے قتل کا ذمہ دار اسے ہی ٹھہراتا ہوں۔ اس نے ماضی میں بھی میری والدہ کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ تمہاری سلامتی کا براہ راست تعلق ہمارے تعلقات اور تعاون پر ہے۔'

بلاول زرداری نے کہا: ’جب اس (مشرف) نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تو یہ بات واضح تھی کہ وہ ہمیں چکمہ دے رہا تھا۔ جب میری والدہ نے اس کے خلاف بولنا شروع کر دیا تو ان کی سکیورٹی کم ہوتی چلی گئی۔‘

بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 ء کو راولپنڈی میں اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد واپس روانہ ہو رہی تھیں۔

سابق صدر مشرف نے اگست 2008 ء سے لندن اور دبئی میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کر رکھی ہے۔ حکومت کی جانب سے انہیں پاکستان آمد پر گرفتار کرنے کا انتباہ جاری کرنے کے بعد انہوں نے انتخابات لڑنے کے لیے ملک واپس آنے کا ارادہ غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔

Pervez Musharraf
سابق صدر مشرف نے اگست 2008 ء سے لندن اور دبئی میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کر رکھی ہےتصویر: Kirsty Wigglesworth/AP/dapd

پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول زرداری بھٹو نے انٹرویو میں مزید کہا کہ وہ پاکستان کی سیاسی زندگی میں ایک بڑا کردار ادا کرنے کی امید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’میں نے گزشتہ انتخابات میں مہم نہیں چلائی۔ میں یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے چلا گیا۔ میرے خیال میں اس وقت میرے پاس سرگرم کردار ادا کرنے کا اختیار نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں انتخابی مہم چلانے اور اُس وقت ایک بڑا کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ جب اُن سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ ایک روز پاکستان کا رہنما بننے کی امید کر رہے ہیں تو انہوں نے کہا: ’میں ہر ممکن طریقے سے اپنے عوام کی مدد کرنا چاہوں گا۔ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہم سب کو مدد کرنے کی ضرورت ہے۔‘

(hk/ai (AFP