1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مافیا ارکان کلیسا سے بے دخل، پوپ کا اعلان

مقبول ملک22 جون 2014

کلیسائے روم کے سربراہ پوپ فرانسس کے مطابق جرائم پیشہ مافیا کے ارکان ’برائی کو سراہتے اور اچھائی کی تذلیل کرتے‘ ہیں اور اسی لیے وہ مافیا گروپوں کے تمام ارکان کی کیتھولک کلیسا سے بے دخلی کا اعلان کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1CNmq
تصویر: Reuters

اٹلی میں کاسانو آلَو جونیو سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پاپائے روم نے یہ بات ہفتے کے روز اس علاقے کے اپنے ایک دورے کے دوران کہی، جو اٹلی میں مافیا کہلانے والے منظم جرائم پیشہ گروہوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اپنے اس دورے کے دوران پوپ فرانسس نے اس بچے کے آبائی قصبے کے قریب ایک مسیحی مذہبی اجتماع سے خطاب کیا، جسے اس سال کے اوائل میں دو حریف مافیا گروپوں کے درمیان دشمنی کی وجہ سے قتل کر دیا گیا تھا۔

اس تقریب سے اپنے خطاب میں دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ برائی کو شکست دینا لازمی ہے۔ پوپ کے بقول بدی جہاں بھی ہو، اسے وہاں سے نکال دینا چاہیے۔ اطالوی دارالحکومت روم سے ملنے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ مافیا گروپوں اور ان کے ’مافیوزی‘ کہلانے والے ارکان کے خلاف پاپائے روم کا یہ بیان گزشتہ کئی عشروں کے دوران کیتھولک کلیسا کے کسی سربراہ کی طرف سے دیا جانے والا اپنی نوعیت کا سخت ترین بیان ہے۔

Papst Franziskus gegen organisierte Kriminalität
تصویر: Reuters/Alessandro Bianchi

پوپ فرانسس نے کہا، ’’جو لوگ برائی کے راستے پر چلتے ہوئے اپنی زندگیاں گزارتے ہیں، جیسے کہ مافیا گروپ اور مافیوزی، وہ خدائی احکامات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ وہ کلیسائی برادری سے خارج ہو چکے ہیں۔‘‘

پاپائے روم نے یہ باتیں جس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، اس میں وہ اٹلی کے ایک ایسے علاقے کے اپنے دورے کے اختتام پر شامل ہوئے تھے، جس پر انتہائی طاقتور سمجھے جانے والے ’اندرنگیٹا مافیا‘ گروپ کو کنٹرول حاصل ہے۔ اس موقع پر پوپ فرانسس نے کوکو کامپولونگو کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔ کوکو تین سال سے بھی کم عمر کا وہ اطالوی لڑکا تھا جسے اس سال جنوری میں مافیا ارکان نے بہت قریب سے سر میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ کوکو کے ساتھ اس کے دادا اور ان کے ایک ساتھی کو بھی قتل کر دیا گیا تھا۔ بعد میں تینوں مقتولین کی لاشیں ایک جلی ہوئی گاڑی سی ملی تھیں۔

اٹلی میں پوپ کے کالابریا کے علاقے کے اس دورے کے حوالے سے خدشہ تھا کہ پاپائے روم کے وہاں جانے سے شاید مافیا کی زیر زمین قیادت ناراض ہو جائے گی۔ تاہم 77 سالہ پوپ فرانسس نے ان خدشات کے باوجود نہ صرف اس علاقے کا دورہ کیا بلکہ یہ اعلان بھی کر دیا کہ مافیوزی اپنے جرائم کی وجہ سے کلیسا سے خارج ہو چکے ہیں اور ان کا چرچ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اے ایف پی کے مطابق اٹلی کا جو جنوبی علاقہ ایسے مافیا گروپوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے، وہ اس ملک کا دوسرا غریب ترین خطہ ہے اور وہاں 25 سال سے کم عمر کے بالغ شہریوں میں بے روزگاری کا تناسب 56 فیصد سے زائد ہے۔

سیو دا چلڈرن نامی تنظیم کی اطالوی شاخ کے مطابق غربت کے شکار جنوبی اٹلی میں ایک تہائی خاندان ایسی مقامی آبادیوں میں رہتے ہیں، جو مختلف مافیا گروپوں کے کنٹرول میں ہیں۔