1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہفرانس

فرانس، تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی

16 دسمبر 2023

فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کے دوران ساٹھ تارکین وطن کی حامل کشتی غرق ہونے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/4aFH6
Frankreich-UK Migration | Vorfälle beim Überqueren des Ärmelkanals
تصویر: Gareth Fuller/empics/picture alliance

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس کشتی کی غرقابی کے واقعے میں متعدد افراد کے لاپتا ہو جانے کا خدشہ ہے۔ جمعے کے روز فرانسیسی کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ یہ واقعہ فرانسیسی پانیوں میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کشتی پر چھیاسٹھ تارکین وطن سوار تھے، جو فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش میں تھے، تاہم سمندری لہروں کا نشانہ بنے۔

جرمنی میں ہزاروں کم عمر مہاجرین ’لاپتہ‘

پیرس میں ایک اور غیر قانونی مہاجر کیمپ خالی کرا لیا گیا

ابتداءی رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے جائے حادثہ پر پہنچیں جہاں ٹیوب نما کشتی سے ہوا نکل جانے کی وجہ سے متعدد افراد ڈوب رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ دو بے ہوش افراد کو سمندر سے نکالا گیا، جن میں سے ایک کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرانسیسی شہر کیلے میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ دوسرا شخص جان بر نہ ہو سکا۔

Frankreich, Calais | Boot der französischen Marine bei einer Rettungsmission nach einem Bootsunglück (12.08.2023)
برطانیہ اور فرانس کے درمیان کا سمندر انتہائی مصروف سمندری راستہ ہےتصویر: Bernard Barron/AFP/Getty Images

جائے واقعہ پر کشتیاں اور ہوائی جہاز دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ انگلش چینل سمندر برطانیہ اور براعظم یورپ کو الگ کرتا ہے اور دنیا کے سب سے زیادہ مصروف شپنگ روٹس میں سے ایک ہے۔

انگلش چینل پار کرنے کے خواہش مند مہاجرین کی حالت زار

اس خطرناک سمندری راستے سے ہزاروں افراد ہر سال فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ برطانوی مائیگریشن واچ نامی تنظیم کے مطابق رواں برس اب تک انتیس ہزار سے زائد تارکین وطن اس راستے سے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچے۔ یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک تہائی کم ہے۔ واضح رہے کہ نومبر دو ہزار اکیس میں اسی راستے میں تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے ایک حادثے میں 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جب کہ رواں برس اگست میں بھی چھ افغان شہری اس سمندر میں ڈوب کر مارے گئے تھے۔

ع ت، ر ب  (اے ایف پی)