1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان نے پاکستانی سپاہیوں کے قتل کی ویڈیو جاری کر دی

22 جنوری 2012

پاکستانی طالبان نے 23 دسمبر کو شمالی مغربی صوبے خیبر پختونخوا سے اغوا کیے گئے ملکی فوج کے سپاہیوں میں سے 15 کی ہلاکت کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے اسلام آباد حکومت اور فوج کو دھمکی دی ہے۔

https://p.dw.com/p/13nrG
طالبان اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیںتصویر: AP

اس ویڈیو میں 15 پاکستانی سپاہیوں کو دکھایا گیا ہے۔ ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی ہیں۔ ایک پہاڑ کی چوٹی پر ان سپاہیوں کے ساتھ طالبان ہاتھوں میں کلاشنکوف تھامے کھڑے ہیں اور وہ شدید غصے میں بدلہ لینے کی بات کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں طالبان کا ایک عسکریت پسند یہ کہتا سنائی دیتا ہے، ’’خیبر ایجنسی میں ہمارے 12ساتھیوں کو پکڑ کر بے دردی سے مار دیا گیا تھا۔ ہماری عزت دار خواتین کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ان ساتھیوں کا بدلہ لینے کے لیے ہم ان سپاہیوں کو قتل کر رہے ہیں۔ ہم حکومت کو انتباہ کرتے ہیں کہ اگر ہمارے ساتھیوں کا قتل عام بند نہ ہوا تو یہی انجام ہم تمہارا بھی کریں گے۔‘‘

Flash-Galerie Pakistan: Militär in Bannu, Waziristan
فوج کا مورال بلند رہے گا، کمانڈرتصویر: AP

خیال رہے کہ پاکستانی حکومت افغانستان سے ملحقہ شمال مغربی قبائلی علاقوں میں طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف وقتاً فوقتاً فوجی کارروائیاں کرتی رہی ہے۔ تاہم پاکستان میں حکومتی ذرائع نے یہ تصدیق بھی کی ہے کہ ان دنوں حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات بھی کر رہی ہے۔

قتل ہونے سے پہلے ایک سپاہی بتاتا ہے کہ کس طرح طالبان عسکریت پسندوں نے ٹانک ضلع میں فوجیوں کے قلعے پر حملہ کیا۔ ’’انہوں (طالبان) نے ہم پر راکٹوں سے حملہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اسلحے سمیت ہمیں قبضے میں لے لیا۔‘‘

طالبان کی جانب سے ریلیز کی گئی اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ شدت پسند سپاہیوں پر گولیاں چلا کر ان کو ہلاک کر دیتے ہیں۔

فرنٹیئر کور کے کمانڈر مجید مروت کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ویڈیوز کے جاری کیے جانے کے باوجود پاکستانی افواج کا مورال بلند رہے گا اور سکیورٹی اہلکار دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے رہیں گے۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں