1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر پوٹن جلد ہی نیٹو کے رکن ملک ترکی کا دورہ کریں گے، ماسکو

16 جون 2023

ترکی نہ صرف روس کا دوست ہے بلکہ یہ یوکرین کی حمایت بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترکی کئی معاملات میں ان دونوں ملکوں کے مابین ثالثی کا کردار بھی ادا کر رہا ہے اور اسے ترکی کی سفارتی کامیابی قرار دیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4Sh4p
صدر پوٹن جلد ہی نیٹو کے رکن ملک ترکی کا دورہ کریں گے
صدر پوٹن جلد ہی نیٹو کے رکن ملک ترکی کا دورہ کریں گےتصویر: Sputnik/Xinhua/IMAGO

روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن اور ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اتفاق کیا ہے کہ روسی رہنما جلد ہی ترکی کا دورہ کریں گے۔ گزشتہ برس فروری میں یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد صدر پوٹن کا نیٹو کے کسی رکن ملک کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے صدر پوٹن نے شاذ و نادر ہی روس سے باہر سفر کیا ہے۔

روس کو مہلک ڈرون کون فراہم کر رہا ہے؟

انٹرفیکس نے کریملن کے خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، '' یہ دعوت ترک صدر کی طرف سے دی گئی ہے۔ پوٹن اور ایردوآن نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ دورہ مستقبل قریب میں ہوگا لیکن ہم نے ابھی تک کسی مخصوص دن یا مخصوص تاریخ کے بارے میں بات نہیں کی۔‘‘

صدر پوٹن جلد ہی نیٹو کے رکن ملک ترکی کا دورہ کریں گے
صدر پوٹن جلد ہی نیٹو کے رکن ملک ترکی کا دورہ کریں گےتصویر: Alexei Druzhinin/Russian Presidential Press and Information Office/ITAR-TASS/IMAGO

 ترکی نے روس پر اقتصادی پابندیاں لگانے میں اپنے مغربی اتحادیوں کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا تھا لیکن اس نے یوکرین کو ہتھیار بھی فراہم کیے ہیں اور روس سے یوکرین کی خودمختاری کا احترام کرنے کا مطالبہ کر چکا ہے۔

انقرہ نے حال ہی میں قیدیوں کے تبادلے میں بھی مدد فراہم کی تھی اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر جولائی 2022 میں بحیرہ اسود کے راستے یوکرینی بندرگاہوں سے اناج کی محفوظ برآمد کے ایک معاہدے میں بھی ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔

بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے مارچ میں یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں صدر پوٹن کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے تھے، یعنی اگر وہ بیرون ملک سفر کرتے ہیں تو انہیں گرفتار کیے جانے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ لیکن ترکی اس معاہدے کا حصہ نہیں ہے اور صدر پوٹن بلاخوف وہاں کا سفر کر سکتے ہیں۔

ا ا / ع ت (روئٹرز، اے ایف پی)