1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

صدر ٹرمپ اب’اسمارٹ وال‘ تعمیر کرنا چاہتے ہیں

15 جولائی 2020

مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے میکسیکو اور امریکا کے مابین سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیزائن کی جانے والی اسمارٹ وال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک اہم منصوبہ ہے اور وہ اس کی تعمیر جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3fMew
USA Mexiko | Grenzüberwachung
تصویر: picture-alliance/AP Photo/C. Attanasio

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  سن 2016 کے دوران اپنی پہلی انتخابی مہم  میں میکسیکو اور امریکا کے مابین 3000 کلومیٹر طویل سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے بارے میں نعرے بازی کر کے خوب ووٹ بٹورنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ لیکن حقیقت میں اس منصوبہ کے نتیجے میں ابھی تک صرف 338 کلومیٹر تک دیوار تعمیر ہوسکی ہے۔ اب انہوں نے رواں سال کے آخر تک 720 کلومیٹر طویل دیوار قائم کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔ سرحدی دیوار کی تعمیر میں رکاوٹ کی سب سے بڑی وجہ امریکی کانگریس کی جانب سے اس میگا پروجیکٹ کی مالی اعانت مسترد ہونا بتائی جاتی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھاکہ انڈورل انڈسٹریز نامی ٹیکنالوجی کمپنی کو 'اسمارٹ وال‘  یعنی ورچوئل دیوار تعمیر کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ اسمارٹ دیوار مصنوعی ذہانت کے ذریعے سرحد پر نقل و حرکت کا خودکار طریقے سے پتہ لگا سکے گی۔

معیاری اور مؤثر: ورچوئل سرحد

امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) نے سن 2022  تک دو سو خودمختار طور پر کام کرنے والے 'واچ  ٹاور‘، یعنی ایک طرح سے چوکیدار نصب کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ٹاور شمسی توانائی اور سینسر کی تکنیک سے لیس ہیں، جو کہ خودساختہ طور پر کسی بھی قسم کی نقل و حرکت کو اسکین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس نظام  کی مصنوعی ذہانت کی تکنیک 'لیٹیس‘ کہلاتی ہے۔ اس تکنیک کی مدد سے پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ آیا کسی گاڑی، جانور یا پھر کسی شخص کی جانب سے سرحد عبور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایسی صورت میں یہ ٹاور فوری طور پر سرحدی گارڈز کو الرٹ کردیں گے۔ اس منصوبے میں دو برس تک واچ ٹاورز کی آزمائش کی گئی۔

USA Anduril
انڈورل انڈسٹریز نامی ٹیکنالوجی کمپنیتصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/B. Cahn

انڈورل انڈسٹریز نے سی بی پی کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ پر دستخط کی تصدیق کردی ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس ورچوئل دیوار پر لاکھوں ڈالر کی لاگت آئے گی، جو کہ بیس ارب ڈالر کی لاگت پر مبنی اسٹیل اور کنکریٹ سے تیار کی جانے والے طویل دیوار کے منصوبے کا صرف ایک حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ کی بے جا تعریف امریکی فوڈ کمپنی کو مہنگی پڑ گئی

کنکریٹ کی دیوار یا پھر اسمارٹ وال؟

سرحدی سکیورٹی کے امور کے ماہرین سمجھتے ہیں کہ اگر نومبر میں ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب نہیں ہوتے، تو ڈیموکریٹس کی حکومت ان معاہدوں کی پاسداری  کرے گی اور اسمارٹ وال کی تعمیر کو مکمل ہونے دیا جائے گا۔

Symbolbild Grenze USA - Mexiko
تصویر: Reuters/J. Luis Gonzalez

ماہرین کے مطابق حقیقی دیوار کا زیادہ فائدہ نہیں ہے۔ کیونکہ  غیر قانونی تارکین وطن امریکی سرزمین پر قدم رکھتے ہیں خود کو پولیس کے حوالے کر دیتے ہیں، تاکہ ان کے خلاف سیاسی پناہ کے قانون کے تحت چارہ جوئی کی جائے۔ادھر اسمارٹ وال کی مدد سے سرحد کی حفاظت کے لیے امریکی سکیورٹی عملے کی نفری میں بھی کمی واقع ہو جائے گی۔

ع  آ / ک م (ویولا ٹریڈر)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں