1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی بھارت میں بارشیں اور تودے گرنے سے دو درجن افراد ہلاک

جاوید اختر، نئی دہلی
10 جولائی 2023

شمالی بھارت میں پچھلے کئی دنوں سے ہونے والی بارش کے سبب ندیوں میں طغیانی آگئی ہے جب کہ سیلاب اور تودے گرنے کے سبب کم از کم 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام نے کئی ریاستوں میں اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4TeZU
Indien | Überschwemmungen in Assam
تصویر: Dasarath Deka/ZUMA Press/picture alliance

قومی دارالحکومت دہلی میں پچھلے دو دنوں سے موسلا دھار بارش کے سبب متعدد علاقوں میں گھٹنوں تک پانی بھر گیا۔ حکومت نے آج پیر کو اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش نے دہلی کے 41 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔

دہلی آنے والی متعدد ٹرینیں منسوخ کردی گئیں جب کہ متعدد دیگر کی روٹ تبدیلی کردی گئیں۔ اہم شاہراہوں اور بالخصوص جمنا ندی کے کنارے آباد علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے لوگوں کو روز مرہ کی معمولات میں کافی پریشانی اٹھانی پڑی۔

امسالہ مون سون آسام میں بڑی تباہیوں کا سبب: لاکھوں افراد بے گھر

 اترپردیش کے بعض اضلاع میں بھی اسکول بند ہیں۔ ہمالیائی ریاستوں ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، اترپردیش، جموں و کشمیر اور پنجاب، ہریانہ، راجستھان میں سیلاب اور تودے گرنے کے سبب کم از کم 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم غیر مصدقہ رپورٹوں کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے کافی زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ بعض علاقے اہم شاہراہوں سے کٹ گئے ہیں اور وہاں پہنچنا مشکل ہو گیا ہے۔

امرناتھ یاترا متاثر

زمینیں کھسکنے سے جموں سری نگر قومی شاہراہ کو نقصان پہنچا ہے اور آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ بارش کی وجہ سے ہندووں کی سالانہ امر ناتھ یاترا بھی فی الحال معطل ہو گئی ہے جب کہ متعدد یاتری خیموں میں پھنس گئے ہیں۔

سڑکیں اور پلوں کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے حکام ان علاقوں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کر رہے ہیں۔

کشمیر: امر ناتھ یاترا دوسری مرتبہ منسوخ

ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے سوشل میڈیا پر عوام سے اپیل کی، "براہ کرم اپنے گھروں میں رہیں کیونکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔" حکومت نے سات اضلا ع میں ریڈ الرٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہماچل پردیش میں اتوار کے روز صرف ایک دن میں اتنی بارش ہوئی جتنی عام طور پر پورے مہینے میں ہوتی تھی۔ دہلی اور پنجاب میں بھی اوسط سے بالترتیب 112 اور 100 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔

جنوبی بھارت کے کیرالہ اور کرناٹک میں بھی کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔

جنوبی بھارت کے کیرالہ اور کرناٹک میں بھی کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے
جنوبی بھارت کے کیرالہ اور کرناٹک میں بھی کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہےتصویر: Kashif Masood/AP/picture alliance

بارش کی تباہی سے نمٹنے کے لیے ماہرین کا مشورہ

جنوبی ایشیا میں مونسون کے موسم میں بھاری بارش کے نتیجے میں سیلاب اور تودے گرنے کے واقعات عام ہیں۔ مونسون کا یہ سلسلہ عام طورپر جون سے شروع ہوکر ستمبر تک رہتا ہے۔

سیلاب کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوتے ہیں۔ سیلاب اکثرمکانات اور بعض اوقات پوری بستی کو بہا کر لے جاتا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں سیلاب اور بارش سے نمٹنے کے لیے انتظامات کے دعوے تو کرتی ہیں لیکن ہر سال وہ کھوکھلے ثابت ہو جاتے ہیں۔

بھارتی ریاست آسام میں سیلابوں سے درجنوں افراد ہلاک، فصلیں اور لاکھوں مکانات تباہ

اتراکھنڈ میں سن 2013 میں آنے والے زبردست سیلاب، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ ہزار افراد ہلاک اور پانچ لاکھ سے زائد بے گھر ہو گئے تھے، کے بعد سے ماہرین ہر سال سیلاب آنے کی تنبیہ کرتے رہے ہیں۔

اتراکھنڈ میں ہونے والی تباہی کے بعد سائنس دانوں اور دیگر ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں غیر منظم تعمیرات اور بنیادی ڈھانچوں کی خراب منصوبہ بندی کو اس کی وجہ قرار دیا تھا۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے پاک بھارت آبی تنازعے پر اثرات

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت چونکہ بڑے پیمانے پر سڑکوں، بندرگاہوں، ریلوے، بجلی گھروں، رہائشی علاقوں کی تعمیرات کر رہا ہے لہذا اسے ان کا ڈیزائن ایسا تیار کرنا چاہئے جو آنے والی کم از کم چار سے پانچ دہائیوں تک ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو برداشت کرسکیں۔