شامی وزیر خارجہ اعلیٰ قطری حکام سے مذاکرات کے لیے دوحہ میں
5 جنوری 2025اتوار پانچ جنوری کو دوحہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق قطر کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ اپنے اس دورے کے دوران الشیبانی اس خلیجی عرب ریاست کے خارجہ امور کے وزیر مملکت محمد الخلیفی سے بھی مل رہے ہیں۔
شام: اسد کی معزولی کے بعد جرمن وزیر خارجہ دمشق میں
کئی برسوں تک خانہ جنگی کا شکار رہنے والی مشرق وسطیٰ کی ریاست شام میں گزشتہ ماہ کی آٹھ تاریخ کو عشروں سے برسراقتدار صدر بشار الاسد کی حکومت کا اس وقت خاتمہ ہو گیا تھا جب اسلام پسندوں کی ہیئت تحریر الشام نامی مسلح تنظیم کی قیادت میں شامی اپوزیشن اتحاد نے دمشق پر قبضہ کر لیا تھا۔
نصف سے زیادہ شامی بچے تعلیم سے محروم
تب بشار الاسد ملک سے فرار ہو گئے تھے اور اقتدار ایک ایسی عبوری حکومت نے سنبھال لیا تھا، جس کی قیادت ہیئت تحریر الشام کے سربراہ احمد الشرع کر رہے ہیں۔
اس عبوری حکومت نے سعد حسن الشیبانی کو نیا ملکی وزیر خارجہ مقرر کیا تھا، جو گزشتہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اس وقت اپنے دوسرے غیر ملکی دورے پر ہیں۔ قبل ازیں الشیبانی نے علاقائی طاقت سمجھے جانے والی قدامت پسند خلیجی بادشاہت سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا۔
الشیبانی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ بہت جلد قطر کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور اردن کے دورے بھی کریں گے۔
دمشق ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی
شامی محکمہ ہوا بازی کے ایک اہلکار نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت دمشق سے بین الاقوامی مسافر پروازوں کی آمد و رفت اگلے ہفتے بحال ہو جائے گی۔
شامی سول ایوی ایشن اور ایئر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ اشہد الصلیبی نے اعلان کیا ہے کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائے اڈے سے انٹرنیشنل مسافر پروازوں کی آمد و رفت منگل سات جنوری سے بحال ہو جائے گی۔
اسد حکومت کا سقوط اور مشرق وسطٰی میں بعث پارٹی کے دور کا خاتمہ
شامی وزارت ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق دمشق ایئر پورٹ سے بین الاقوامی ایئر ٹریفک گزشتہ ماہ اس وقت روکنا پڑ گئی تھی، جب بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے فوری بعد اس ہوائی اڈے پر توڑ پھوڑ شروع ہو گئی تھی اور اہم تکنیکی تنصیبات کو نقصان پہنچا تھا۔
دمشق سے اندرون ملک پروازیں پہلے ہی بحال ہو چکیں
اشہد الصلیبی کے مطابق شہری ہوا بازی کے ملکی ادارے کی طرف دمشق کے دونوں ہوائی اڈوں اور شمالی شہر حلب کے ایئر پورٹ کی مکمل بحالی کے لیے تیز رفتار کوششیں جاری ہیں، تاکہ ان تینوں ہوائی اڈوں سے دنیا بھر کے لیے مسافر پروازوں کا آنا جانا جلد از جلد بحال ہو سکے۔
ریاستی ڈھانچے کی تعمیر نو اور نیا آئین: ترکی شام کی مدد کرے گا، ایردوآن
قبل ازیں قطر کی فضائی کمپنی قطر ایئرویز نے اسی ہفتے اعلان کیا تھا کہ دمشق سے اس کی تجارتی پروازوں کی آمد و رفت منگل سات جنوری سے بحال ہو جائے گی۔
دمشق ایئر پورٹ سے اندرون ملک مختلف شہروں تک جانے اور وہاں سے آنے والی مسافر پروازوں کا سلسلہ 18 دسمبر کو ہی بحال ہو گیا تھا، جب اسد حکومت کے خاتمے کو ابھی صرف دس روز ہی ہوئے تھے۔
م م / ع ت (روئٹرز، ڈی پی اے)