سوچی سرمائی اولمپکس: دلچسپ حقائق
30 جنوری 2014۔ سوچی اولمپکس میں پہلی مرتبہ افریقی ملکوں ٹوگو اور زمبابوے کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔ ٹوگو کی نمائندگی دس کلو میٹر کراس کنٹری اسکیئنگ میں میتِھلڈے پیتیت ژاں آمِیوی کریں گی اور سلالوم اسکیئنگ میں آلیسیا دِیپول۔ زمبابوے کی ٹیم صرف ایک کھلاڑی پر مشتمل ہو گی۔ سلالوم اسکیئنگ کے شعبے میں اس ملک کی نمائندگی بیس سالہ لُوک سٹائن کریں گے، جو پیدا تو ہرارے میں ہوئے تھے لیکن دو سال کی عمر میں اہنے اہل خانہ کے ہمراہ سوئٹزر لینڈ منتقل ہو گئے تھے۔
۔ Bobsledding کے شعبے میں روس کی نمائندگی آلیکسی ووژیوودا کریں گے، جو پہلے بھی ونٹر اولمپکس میں دو مرتبہ تمغے حاصل کر چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ووژیوودا تین مرتبہ پنجہ آزمائی یعنی آرم ریسلنگ کی عالمی چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔
۔ کسی بھی ونٹر اولمپکس کے سب سے مشہور مقابلے آئس ہاکی کے مقابلے ہوتے ہیں۔ لیکن آئس ہاکی کو جب شروع میں اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا تو یہ سرمائی نہیں بلکہ گرمائی اولپمک کھیلوں کے مقابلوں کا حصہ تھے۔ 1920ء میں Antwerp کے سمر اولمپکس میں آئس ہاکی کا پہلا گولڈ میڈل کینیڈا نے جیتا تھا۔
۔ اسکی جمپنگ کے شعبے میں جاپانی کھلاڑی نوری آکی کاسائی سوچی جانے سے پہلے ہی کئی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے آسٹریا میں Tauplitz کے مقام پر ہونے والے اسکی جمپنگ کے ورلڈ کپ مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ وہ یہ ورلڈ کپ جیتنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز 41 برس اور سات ماہ سے زائد کی عمر میں حاصل کیا۔ کاسائی نے بیس سال قبل 1994 میں للےہامر میں ہونے والے ونٹر اولمپکس میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
۔ روسی شہر سوچی میں فروری میں اوسط درجہ حرارت 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ یا قریب 43 ڈگری فارن ہائیٹ رہتا ہے۔ اس طرح سوچی آج تک ان سرمائی اولمپکس کی میزبانی کرنے والا گرم ترین شہر ہو گا۔
۔ سوچی اولمپکس میں اس سال برطانوی نوآبادی ورجِن آئی لینڈز سے تین عشروں بعد کوئی کھلاڑی پہلی مرتبہ ان مقابلوں میں حصہ لے گا۔ ورجِن آئی لینڈز کے کسی بھی کھلاڑی نے کسی ونٹر اولمپکس میں آخری مرتبہ حصہ 1984ء میں لیا تھا اور ایسا ساراژیوو میں ہوا تھا۔
۔ خاندانی طور پر جرمنی کے ایک نوابی گھرانے سے تعلق رکھنے والے شہزادے اور میکسیکو کے کھلاڑی ہُوبیرٹس رُوڈولف سوچی اولمپکس کے دوران 55 برس کے ہو جائیں گے۔ اس طرح وہ ونٹر اولمپکس میں حصہ لینے والے آج تک کے دوسرے سب سے زیادہ عمر کے کھلاڑی بن جائیں گے۔ وہ میکسیکو کی طرف سے پہلے بھی پانچ بار سرمائی اولمپکس میں حصہ لے چکے ہیں اور سوچی مقابلے ان کے کیریئر کے چھٹے ونٹر اولمپکس ہوں گے۔