1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس جنگ کی مالی تلافی کرے، یوکرینی صدر کا مطالبہ

21 مئی 2022

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے مشرقی خارکیف علاقے کے شہر لوذووا میں ایک ثقافتی مرکز پر روسی فضائی حملے میں ایک بچے سمیت سات افراد کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس نے انسانیت کو اپنا دشمن چن لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4BffL
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکیتصویر: Vianney Le Caer/Invision/AP/dpa/picture alliance

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر ایک پیغام میں صدر زیلنسکی نے یوکرین پر روسی فوجی حملوں کو ماسکو کی طرف سے کھلی جارحیت کا نام دیتے ہوئے اور لوذووا میں تازہ فضائی حملے کے تناظر میں لکھا، ''قابضین نے ثقافت، تعلیم اور انسانیت کو اپنے دشمنوں کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔‘‘

یوکرین: روس نے ماریوپول اسٹیل پلانٹ فتح کرلینے کا اعلان کردیا

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے یہ باقاعدہ تجویز بھی پیش کر دی ہے کہ روس یوکرین کے خلاف جنگ کی وجہ سے کییف کو مالی تلافی کے لیے رقوم ادا کرے۔

جمعے کی شب اپنی ایک تقریر میں صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس کی طرف جنگ کے دوران یوکرین میں پھیلائی گئی تباہی کی مالی تلافی سے متعلق کییف کے مطالبے کی اس مشرقی یورپی ملک کے اتحادی بھی حمایت کر رہے ہیں۔

یوکرینی جنگ اور یورپ میں بڑھتی مہنگائی

یوکرین پر حملے سے عالمی غذائی بحران کا خطرہ بڑھ گیا، اقوام متحدہ کی تنبیہ

یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ روس نے یوکرین میں بنیادی ڈھانچے کو اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی تلافی کا یہ یوکرینی مطالبہ ان تمام دیگر ممالک کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہو گا، جو کسی بھی دوسری ریاست کے خلاف بےجا فوجی جارحیت کے اراداے رکھتے ہوں۔ وولودیمیر زیلنسکی کے مطابق یوں ایسے تمام ممالک کو یہ احساس دلایا جا سکے گا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں انہیں اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہو گی۔

یوکرینی صدر کے الفاظ میں، ''اس جنگ میں روس اپنی طرف سے فائر کیے ہر میزائل، داغے گئے ہر گولے اور فضا سے گرائے گئے ہر بم کا وزن محسوس کرے گا۔‘‘

ش ر / م م (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)