1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ٹوئنٹی اجلاس کا اختتام، برسبین ایکشن پلان منظور

عصمت جبیں16 نومبر 2014

اقتصادی حوالے سے دنیا کے 20 بڑے ملکوں پر مشتمل جی ٹوئنٹی کہلانے والے گروپ کی دو روزہ سالانہ سربراہی کانفرنس آج آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ختم ہو گئی۔ ان ملکوں کا عالمی معیشت میں حصہ 85 فیصد بنتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DoJz
تصویر: Reuters/J. Reed

برسبین سمٹ میں مختلف اقتصادی امور سمیت کئی شعبوں میں ترقی اور بہتری سے متعلق فیصلے کیے گئے۔ اس سربراہی اجلاس کا سب سے اہم فیصلہ یہ ہے کہ یہ 20 ریاستیں اگلے پانچ سال کے دوران اپنی مجموعی اقتصادی پیداوار میں 2.1 فیصد اضافے کو یقینی بنائیں گی۔

ان ملکوں میں اضافی اقتصادی ترقی کی اس شرح کی مالیت دو ٹریلین ڈالر کے برابر ہو گی۔ شروع میں یہ ہدف دو فیصد رکھا گیا تھا، جسے برسبین میں بڑھا کر 2.1 فیصد کر دیا گیا۔ اقصادی ترقی کی اس شرح کو یقینی بنانے کے لیے گروپ کی رکن ریاستیں داخلی پالیسی اصلاحات متعارف کرائیں گی۔ اسی پروگرام کو برسبین ایکشن پلان کا نام دیا گیا ہے۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ عالمی سطح پر ایک ایسی انفراسٹرکچر مہم چلائی جائے گی، جس کا مقصد دنیا بھر میں بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کے لیے نجی سرمائے کی دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اس عمل میں رابطوں کا کام آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں قائم کیا جانے والا ایک عالمی مرکز کرے گا۔

Merkel Ankunft in Brisbane zu G 20 Gipfel 14.11.2014
سمٹ میں شریک سربراہان نے اتفاق کیا کہ اقتصادی ترقی کے نئے اجتماعی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے عالمی تجارت میں اضافہ ضروری ہو گاتصویر: Reuters/G20 Australia

سمٹ میں شریک سربراہان نے اتفاق کیا کہ اقتصادی ترقی کے نئے اجتماعی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے عالمی تجارت میں اضافہ ضروری ہو گا۔ اس کے لیے عالمی ادارہ تجارت کی سطح پر نئے پروگرام اور پیش رفت کی کوششیں کی جائیں گی۔

رہنماؤں نے اس بارے میں بھی متفقہ رائے کا اظہار کیا کہ 2015 کے آخر تک ایک ایسے منصوبے کو مکمل کر لیا جائے گا، جس کے ذریعے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی طرف سے ٹیکس چوری کا سدباب کیا جائے گا۔

دیگر اہم فیصلوں میں سے ایک روزگار کی منڈیوں میں مردوں اور خواتین کے درمیان پائے جانے والے فرق کے خاتمے سے متعلق ہے۔ 2025 تک گروپ کے رکن ملک اپنی اپنی لیبر مارکیٹ میں خواتین کی شمولیت میں اضافے کو یقینی بنائیں گے۔ اس طرح اگلے قریب ایک عشرے میں جی ٹوئنٹی ریاستوں میں مزید 100 ملین خواتین کو افرادی قوت کا حصہ بنایا جائے گا۔

برسبین سمٹ میں یہ فیصلے بھی کیے گئے کہ توانائی کا موضوع آئندہ سے جی ٹوئنٹی کے ایجنڈے کے مرکز میں ہو گا جب کہ مغربی افریقہ میں ایبولا وائرس کے وبائی پھیلاؤ کے خلاف مربوط عالمی ردعمل کی پوری تائید و حمایت کی جائے گی۔

برسبین سمٹ میں ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے رکن ملکوں کے 2020 کے بعد کے عرصے کے لیے داخلی اہداف کے جلد از جلد تعین پر بھی زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ گرین کلائمیٹ فنڈ میں مالی ادائیگیوں کو بھی ناگزیر قرار دیا گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید