1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویکسینیشن کے ساتھ سماجی رابطوں کو محدود کرنا ضروری

21 نومبر 2021

متعدی بیماریوں پر تحقیق اور امراض کے کنٹرول کے جرمن ادارے نے کورونا وائرس سے جنم لینے والے مہلک عارضے کووڈ انیس کی پانچویں لہر کے امکانات سے خبردار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/43Ixo
Deutschland Leipzig | Coronakrise: n Intensivstation vom Universitätsklinikum Leipzig
تصویر: Waltraud Grubitzsch/dpa/picture alliance

برلن میں قائم رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ لوتھر ویلر نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ جرمنی میں  اگر مزید شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگائی جاتی تو اس  ملک کو کورونا کی پانچویں لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ویلر نے کورونا ضوابط میں سختی کے حوالے سے کہا، ''جب تک سماجی فاصلوں پر عمل یا سماجی رابطوں کو کم سے کم اور ویکسینیشن کی شرح کو ممکنہ حد تک بڑھایا نہیں جاتا تب تک کورونا کی پانچویں لہر سے بچنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس ضمن میں کیے جانے والے موجودہ اقدامات واضح طور پر یہ اشارہ دے رہے ہیں کہ جرمنی کورونا کی پانچویں لہر کی لپیٹ میں آئے گا۔‘‘

کووڈ بحران سے جرمنی کیوں نہیں نمٹ پا رہا ؟

جرمنی اس وقت کورونا کی چوتھی لہر سے نبرد آزما ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ نے کہا کہ ان کے ملک کو اس وقت قومی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے سے بات چیت کرتے ہوئے لوتھر ویلر کا کہنا تھا، ''اس سال موسم سرما میں پورے ملک کی صورتحال کیسی رہتی ہے، اس کا دار و مدار عوام کے رویے پر ہے۔ شہری خود کس طرح حالات کا سامنا کرتے ہیں اس پر ہی آئندہ کی صورتحال کا انحصار ہوگا۔‘‘ ویلر کا مزید کہنا تھا، ''اس صورتحال میں بڑے آسان اور سادہ سے اقدامات کی ضرورت تھی جن کو نظر انداز کیا گیا اور یہ امر باعث شرم ہے۔‘‘

Deutschland Chaos und Menschenmassen am Hauptbahnhof Hamburg
کورونا ضوابط میں نرمی آتے ہی جرمن باشندوں کی سفر و سیاحت عروج پر تھیتصویر: Eibner/imago images

ویلر نے ایک مرتبہ پھر شہریوں سے بڑے اجتماعات اور گھر کے اندر زیادہ لوگوں کو اکھٹا کرنے سے گریز کی اپیل کی۔ لوتھر ویلر کے مطابق سماجی رابطوں پر پابندی جیسی احتیاطی کارروائیوں کی ضرورت دراصل ایسے جرمن صوبوں کو تھی جو کورونا وائرس یا اس وبا سے بہت زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔ اگر ایسے علاقوں می مزید احتیاط سے کام لیا جاتا اور سماجی رابطوں پر پابندی ہوتی تو کورونا کیسز میں اس تیزی سے اضافہ نہ ہوتا جتنا اب روزانہ ہو رہا ہے۔

جرمنی میں کورونا وبا کی شدت، مفت ٹیسٹ پھر سے شروع

کیا ویکسینیشن واحد حل ہے؟

رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ نے جہاں ایک طرف ویکسینیشن کے عمل میں تیزی پر زور دیا ہے، وہاں وہ یہ بھی کہا کہ صرف ویکسینیشن کافی نہیں ہوگی۔ نئے کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنے کے لیے سماجی رابطوں کو محدود کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، ''ویکسین وبائی مرض سے نکلنے کا راستہ ہے۔‘‘ ویلر نے تاہم اس امر کی نشاندہی کی کہ یہ حقیقت ہے کہ ویکسین کورونا وائرس کے خلاف بہت  زیادہ تحفظ فراہم کرتی ہے تاہم 100 فیصد تحفظ فراہم نہیں کرسکتی۔ ویکسین انفیکشن  سے اتنا زیادہ تحفظ فراہم نہیں کرتی جتنا کہ شدید بیماری سے۔‘‘

Coronavirus Impfstoff
ماہرین کا کہنا ہے کہ محض ویکسینیشن کورونا کے پھیلاؤ کو نہیں روک سکتیتصویر: Weber/Eibner-Pressefoto/picture alliance

ویکسین کن کے لیے لازمی

متعدی امراض پر تحقیق کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ 12 سے 59 سال کی عمر کے کم از کم  85 فیصد شہریوں اور 60 سال اور اس سے زیادہ معمر افراد کے 90 فیصد کو ویکسین کا مکمل کورس یعنی دونوں خوراکیں لگ جانی چاہییں۔ لوتھر ویلر کے بیانات جرمنی کی ویکسینیشن کمیٹی Stiko کے چیئر مین تھوماس میرٹنز کے بیانات کی بازگشت معلوم ہوتی ہے جو کہہ چُکے ہیں کہ جرمنی میں کورونا کی پانچویں لہر کے امکانات پیدا ہوچُکے ہیں۔ میرٹنز کے بقول، ''کورونا کی پانچویں لہر کتنی شدید ہوگی اس کا دار ومدار اس امرپر ہوگا کہ کتنے لوگوں کی ویکسینیشن ہوتی ہے اور کتنے شہریوں کو بوسٹر ویکسین لگایا جاتا ہے۔‘‘

جرمنی میں کورونا انفیکشنز کی یومیہ تعداد پچاس ہزار سے زائد

Deutschland Erfurt Corona-Impfung
جرمنی میں بوسٹر ویکسینیشن بھی سست روی کا شکار ہےتصویر: Jens Schlueter/Getty Images

جرمنی میں کورونا کی پانچویں لہر کے بارے میں اتنباہی بیانات ایک ایسے وقت پر سامنے آ رہے ہیں جب  یورپ کے مختلف شہروں سمیت ایشیائی ملک آسٹریلیا میں کورونا کی وبا کے تیز رفتار پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے تازہ کووڈ پابندیاں عائد کیے جانے کے خلاف ہزاروں مظاہرین نے احتجاج کیا ہے۔ یورپی ملک نیدرلینڈ میں مسلسل دوسری شب مظاہرین اور پولیس کے درمیان چھڑپیں ہوئیں۔ گزشتہ شب یہ جھڑپیں دی ہیگ میں ہوئیں جبکہ اس سے پچھلی رات روٹرڈیم میں پرتشدد واقعات پیش آئے۔ ہفتے کے روز نیدرلینڈ کے مختلف شہروں میں کورونا پابندیوں کے خلاف مظاہرے کیے گئے جو زیادہ تر پرامن رہے مگر رات کے وقت مظاہرین نے  پولیس پر پتھراؤ کیا اور سائیکلوں کو آگ لگا دی۔ پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا۔ آسٹریلوی شہر سڈنی میں بھی 10 ہزار سے زائد افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

 

ک م/ا ب ا ) ڈی پی اے، اے پی(