1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی

9 مارچ 2020

چین سے باہر کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ جاری ہے۔ یورپ میں بھی اس بیماری سے متاثرہ مریضوں کی تشخیص مسلسل ہو رہی ہے۔ جرمنی میں ایسے مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3Z5Dr
Deutschland Frau mit Mundschutz arbeitet auf der Messe Ambiente
تصویر: Imago Images/rheinmainfoto

جرمنی میں امراض پر کنٹرول کے ملکی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ انتیس فروری کو ایسے متاثرین کی تعداد محض چھیاسٹھ تھی۔

کووڈ انیس میں مبتلا مریضوں کی تعداد پیر نو مارچ کو ایک ہزار ایک سو بارہ ہے۔ سب سے زیادہ اس بیماری کی تشخیص جرمنی کے گنجان آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ہوئی ہے۔ اس صوبے میں ایسے مریضوں کی تعداد 484 ہے۔ سولہ جرمن ریاستوں میں سے کسی ایک وفاقی ریاست میں یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

اس تناظر میں جرمنی کے وزیر صحت ژینس شپان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایسی تقاریب یا اجتماعات سے اجتناب ضروری ہو گیا ہے جہاں ایک ہزار سے زائد افراد جمع ہوں۔ اس تناظر میں امکان ہے کہ جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے میچ بھی متاثر ہوں گے۔ شپان کے مطابق یہ فیصلہ کووڈ انیس بیماری کو کنٹرول کرنے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

Deutschland | Coronavirus | Vorsichtsmaßnahme Desinfektion Hände
جرمنی میں عام لوگوں کو جراثیم کش سیال مادوں سے ہاتھ دھونے کی تلقین جاری ہےتصویر: Imago Images/7aktuell

نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ ارمین لاشیٹ نے کہا ہے کہ وہ ملکی وزیر صحت شپان کی ہدایت پر عمل کریں گے اور ایک ہزار سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ لاشیٹ کے مطابق اس پابندی سے فٹ بال لیگ کے میچز تقریباً خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

جرمن فٹ بال لیگ کے انچارج کرسٹیان زائفیرٹ کا کہنا ہے کہ تمام میچز شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے اور بنڈس لیگا کا سیزن وسط مئی میں مکمل ہو جائے گا۔ زائیفرٹ کے مطابق ایسا امکان ہے کہ بعض میچز بغیر تماشائیوں کے شیڈول کے مطابق کھیلے جا سکتے ہیں۔

ع ح ⁄ ا ب ا (اے ایف پی)