1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں

9 مارچ 2010

جرمنی نے نیوزی لینڈ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ آسٹریلیا، انگلینڈ اور ہالینڈ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی دیگر تین ٹیمیں ہیں۔

https://p.dw.com/p/MOEy
تصویر: picture-alliance/ dpa

ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں جو اہم ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہیں، اُن میں بھارت، پاکستان، جنوبی کوریا اور سپین شامل ہیں۔ بھارت کے دھیان چند سٹیڈیم میں منگل کے روز کھیلے گئے پول ’اے‘ کے ایک اہم میچ میں جنوبی کوریا نے ہالینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا، لیکن ہالینڈ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر گیا۔ ہالینڈ اور جنوبی کوریا، دونوں ہی ٹیموں کے پاس دس دس پوائنٹس ہیں۔

Hockey Team Deutschland
جرمن ہاکی ٹیم کے کھلاڑیتصویر: AP

پول ’اے‘ سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی دوسری ٹیم جرمنی ہے، جس نے گیارہ پوائنٹس حاصل کئے۔ پول ’اے‘ میں جرمن ٹیم مضبوط ترین ثابت ہوئی ہے۔ اس نے پانچ پول میچوں میں سے تین میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میچ ڈرا کئے۔ سن 2002ء اور 2006ء میں ہاکی کا عالمی کپ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم جرمنی 2010ء کا ٹورنامنٹ جیت کر اپنے ورلڈ کپ ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک مکمل کر سکتی ہے۔

سیمی فائنل میں جرمنی کا مقابلہ پول ’بی‘ کی مضبوط ٹیم انگلینڈ کے ساتھ جبکہ ہالینڈ کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

Hockey Weltmeisterschaft Indien
نئی دہلی منعقدہ ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک بارہ ٹیموں کے کپتانتصویر: AP

جرمنی اور انگلینڈ کے درمیان جمعرات کے روز سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔ جرمن ہاکی ٹیم کے کوچ مارکُس وائزے نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ سیمی فائنل میں مخالف ٹیم کون ہے۔’’مجھے اس بات کی بالکل فکر نہیں ہے کہ سیمی فائنل میں ہمارا مقابلہ کس ٹیم کے ساتھ ہو رہا ہے۔ سیمی فائنل میں کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لئے آپ کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘‘

نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ میں زبردست کارکردگی دکھانے والے جرمن کھلاڑی ماتھیاس وٹ ہاوٴس نے بتایا کہ اگر ٹیم اسی انداز اور جذبے کے ساتھ کھیلتی رہی تو کچھ بھی ممکن ہے۔’’اب تو کچھ بھی ممکن ہے۔‘‘

Weltmeisterschaft Hockey in Indien
ہسپانوی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بھارت کے خلاف ایک میچ کے دورانتصویر: AP

نئی دہلی منعقدہ ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی نے کینیڈا کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے عبرتناک شکست دے دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں جرمن ٹیم اپنے مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔پول ’اے‘ میں جرمنی اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ دو دو گول کی برابری پر ختم ہوا تھا۔

تقریباً تین عشروں بعد ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ دوبارہ بھارت میں کھیلا جا رہا ہے۔ اٹھائیس سال قبل اُس وقت کے بمبئی اور آج کے ممبئی میں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا، جس کے فائنل میں پاکستان نے مغربی جرمنی کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

اس ٹورنامنٹ میں کل بارہ ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہیرو ہونڈا ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں جرمنی، ارجنٹائن، کینیڈا،جنوبی کوریا، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ پول ’اے‘ میں تھیں جبکہ بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، اسپین، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ہاکی ٹیموں کو پول ’بی‘ میں رکھا گیا تھا۔

لیکن اس بار مقابلہ بڑا ہی سخت ہے۔ کون بنے گا عالمی چیمپیئن؟ جرمنی پچھلے دو ٹائٹل جیت چکا ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم زبردست فارم میں دکھائی دیتی ہے۔اب جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جرمنی اور ہالینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہیں، مگر نئی دہلی کے دھیان چند اسٹیڈیم کے وکٹری سٹینڈ پر بالآخر کس ٹیم کے سر پر چیمپیئن شپ کا تاج سجے گا، یہ بتانا ابھی قبل از وقت ہوگا!

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں