1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ میں نوجوان جرمن خاتون سیاح کا ریپ کے بعد قتل

8 اپریل 2019

تھائی لینڈ میں جرمنی سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون سیاح کو ریپ کے بعد قتل کر دیا گیا۔ تھائی پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے اس چھبیس سالہ سیاح کو ریپ کے بعد قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3GSZc
جنوبی تھائی لینڈ میں پھوکیٹ کے ساحل پر چھٹیاں منانے والے جرمن سیاحتصویر: Getty Images/AFP

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے پیر آٹھ اپریل کو ملنے والی جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اس ‌خاتون سیاح کا تعلق جرمنی کے شمالی صوبے لوئر سیکسنی سے تھا اور اس کی عمر 26 برس تھی۔ یہ نوجوان سیاح اکیلی ہی تھائی لینڈ کی سیاحت کے لیے گئی تھی۔ اس دوران خلیج تھائی لینڈ کے علاقے میں جب یہ خاتون ملکی دارالحکومت بنکاک سے 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چھوٹے سے جزیرے کو سی چانگ کی سیر کو گئی، تو وہاں اس ملزم نے پہلے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر اسے قتل کر دیا۔

تھائی پولیس کے ایک ترجمان نے بنکاک میں ڈی پی اے کو بتایا کہ ملزم کی عمر 24 سال ہے اور اس نے اس جرمن سیاح پر جنسی حملہ اور اس کا قتل اتوار سات اپریل کو اس وقت کیا، جب وہ ایک دن کی سیر کے لیے بنکاک سے اس جزیرے پر گئی تھی۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ یہ یورپی خاتون ایک فیری کے ذریعے کو سی چانگ نامی جزیرے پر پہنچی تھی، جہاں اس نے جزیرے کی سیر کے لیے ایک مقامی دکاندار سے ایک سکوٹر بھی کرائے پر لیا تھا۔

تھائی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس جزیرے کی سیر کے دوران ہی 26 سالہ مقتولہ نے 24 سالہ مبینہ ملزم سے کچھ پوچھنے کے لیے تھوڑی سی بات چیت بھی کی تھی، جس کے بعد اس جرمن خاتون کا کسی دوسرے مقامی یا غیر ملکی باشندے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا۔

اس خاتون سیاح کی طرف سے جزیرے پر ایک سکوٹر کرائے پر لینے کے چند گھنٹے بعد ایک دوسرے غیر ملکی سیاح نے اتفاقاﹰ دیکھا کہ خلیج تھائی لینڈ کے پانیوں میں جزیرے کے ساحل کے پاس پتھروں کے نیچے کوئی انسانی لاش چھپائی گئی تھی۔ اس نے پولیس کو اطلاع کی تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس خاتون کی لاش برآمد کر لی۔

بعد ازاں پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزم اسی جزیرے کا ایک ایسا رہائشی ہے، جو مقامی سطح پر کوڑا کرکٹ جمع کر کے اپنے لیے معمولی سی رقم کما لیتا تھا۔ یہ جرمن خاتون 23 مارچ کو سیاحت کے لیے تھائی لینڈ گئی تھی اور اس نے زیادہ تر وقت بنکاک کے نواح میں سی راچا نامی شہر کے ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا تھا۔

تھائی لینڈ کا شمار جرمن سیاحوں کی یورپ سے باہر پسندیدہ ترین سیاحتی منزلوں میں ہوتا ہے۔ جرمن باشندے خاص طور پر تھائی لینڈ کے مختلف جزائر پر تعطیلات منانے کے لیے جنوبی مشرقی ایشیا کی اس بادشاہت کا رخ کرتے ہیں۔ تھائی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس سیاحت کے لیے تھائی لینڈ جانے والے جرمن باشندوں کی تعداد تقریباﹰ نو لاکھ رہی تھی۔

م م / ع ح / ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں