1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: سکم میں سیلاب سے زبردست تباہی، 14 افراد ہلاک 102لاپتہ

جاوید اختر، نئی دہلی
5 اکتوبر 2023

شمال مشرقی ریاست سکم میں منگل کو اچانک آنے والے سیلاب میں اب تک کم از کم 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 104 لاپتہ ہیں۔ سیلاب میں پھنس جانے والے 22 بھارتی فوجیوں کا اب تک کوئی پتہ نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/4X8dN
اب تک دو ہزار سے زائد افراد کو بچایا جاچکا ہے اور راحت اور بچاو کا کام تیزی سے جاری ہے
اب تک دو ہزار سے زائد افراد کو بچایا جاچکا ہے اور راحت اور بچاو کا کام تیزی سے جاری ہےتصویر: India's Ministry of Defence/AFP

سکم کی ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بدھ کو بتایا کہ شمالی سکم میں بادل پھٹنے کے بعد تیستا ندی میں اچانک سیلاب آجانے سے اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

منگل کے روزاس سرحدی ریاست میں 23 بھارتی فوجی لاپتہ  ہو گئے تھے لیکن بدھ کی رات کو ان میں سے ایک کو بچا لیا گیا تاہم 22 دیگر کا اب تک کوئی پتہ نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک دو ہزار سے زائد افراد کو بچایا جاچکا ہے اور راحت اور بچاو کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس حادثے سے بیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست کے مختلف حصوں میں تین ہزار سے زائد سیاح پھنسے ہوئے ہیں جب کہ تیستا ڈیم میں کام کرنے والے تقریباً 14 ورکرز بھی غار میں پھنس گئے ہیں۔

بھارت: ہمالیائی علاقے شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ، کم از کم 33 ہلاکتیں

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک میٹنگ میں صورت حال کا جائزہ لیا اور ریاستی حکومت کو تمام ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

فوج اور قومی ڈیزاسٹر ایکشن فورس (این ڈی آر ایف) کی قیادت میں متعدد ایجنسیاں متاثرہ علاقوں میں بچاو اور تلاش کے کاموں میں مصروف ہیں۔ بھارتی فضائیہ کو بھی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

سائنس داں یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا منگل کے روز نیپال میں آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے تو جھیل کو نقصان نہیں پہنچا، جس کے بعد تیستا ندی میں سیلاب آگیا
سائنس داں یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا منگل کے روز نیپال میں آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے تو جھیل کو نقصان نہیں پہنچا، جس کے بعد تیستا ندی میں سیلاب آگیاتصویر: Indian Army/AP/picture alliance

کیا یہ سیلاب نیپال میں آنے والے زلزلے کی وجہ سے آیا؟

حکام کا کہنا ہے کہ شمالی سکم کی لوناک جھیل میں بادل پھٹنے کی وجہ سے لاچن وادی کی تیستا ندی میں اچانک سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق فوجی گاڑیوں کے بہنے کے سبب فورسز کے جوان بھی اس کی زد میں آئے اور وہ بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

بھارتی ریاست آسام میں سیلابوں سے درجنوں افراد ہلاک، فصلیں اور لاکھوں مکانات تباہ

سکم چین سے متصل ایک سرحدی ریاست ہے جہاں بھارت نے بڑی تعداد میں اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اس قدرتی آفت سے علاقے کی کئی فوجی تنصیبات کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

گوکہ حکام سیلاب کی وجہ بادل پھٹنے کو قراردے رہے ہیں تاہم سائنس داں یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا منگل کے روز نیپال میں آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے تو جھیل کو نقصان نہیں پہنچا تھا، جس کے بعد تیستا ندی میں سیلاب آگیا۔

گلوبل وارمنگ سے سال کے نصف سے زائد دنوں میں بارشوں کے پیٹرن میں تبدیلی

حکام کا کہنا ہے کہ فوری طورپر یہ طے کرنا مشکل ہے کہ آیا زلزلہ ہی سیلاب کی وجہ تھا لیکن بادل پھٹنے کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پرتباہی نہیں ہوتی۔

بعض ماہرین، جنہوں نے جائے واقعہ کا دورہ کیا ہے، کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے ہی سیلاب آیا۔