1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتیورپ

بدھ مت پیروکاروں کا واحد یورپی خطہ

27 مئی 2021

براعظم یورپ کے انتہائی جنوب مشرق میں روسی جمہوریہ کلمیکیا واقع ہے، جہاں کی اکثریتی آبادی بدھ مت کے عقائد اور روایات کی پیروکار ہے۔ کلمیکیا کو یورپ کا واحد ’بدھسٹ ریجن‘ قرار دیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3u4M1
جنوبی روس میں واقع کلمیکیا کو یورپ کا واحد ’ بدھسٹ ریجن‘ قرار دیا جاتا ہے۔تصویر: Hendrik Welling/DW

الیستا کے گولڈن ٹیمپل میں داخل ہوتے ہی آپ کو یوں محسوس ہو گا کہ آپ براعظم یورپ کی حدود سے باہر نکل چکے ہیں۔ بدھ مت کے ماننے والوں کی اس عبادت گاہ میں مذہبی تقریب کے دوران راہبوں کے منتر پڑھنے کی گونج اور اگر بتیوں کی مہک آپ کو یورپی سرزمین سے دوری کا یقین دلاتی ہے۔

الیستا کلمیکیا کا دارالحکومت ہے۔ روس کی یہ خودمختار وفاقی جمہوریہ قفقاذ اور بحیرہ کیسپیئن کے وسط میں جنوبی روسی علاقوں میں واقع ہے۔ جغرافیائی طور پر یہ یورپ کا حصہ ہے۔ کلمیکیا براعظم یورپ کا واحد بدھسٹ خطہ خیال کیا جاتا ہے۔

کلمیکیا، ایک تاریخی خطہ

کلمیکیا کے خانہ بدوش منگولوں کی ایک نسل سے منسلک کیے جاتے ہیں، جو یہاں چار سو سال قبل آئے تھے۔ بدھ مت کے پیروکار براعظم ایشیا سے اپنا عقیدہ ساتھ لائے اور ماضی میں کئی مشکلات کے باوجود وہ کلمیکیا میں باقاعدگی سے اپنے عقیدے کی پیروی کرتے رہے۔

بدھ مت کے پیروکار
تصویر: DW

بعد ازاں سن 1943 کے دوران اسٹالن کے دور حکومت میں جمہوریہ کلمیکیا تحلیل ہو گئی۔ بدھ مت کے مقامی روحانی پیشواؤں پر ظلم وستم کیا گیا اور ان کی عبادت گاہیں بھی تباہ کر دی گئیں۔ نتیجتاﹰ کلمیکیا کی آبادی کو پھر سیربیا کی طرف نقل مکانی کرنا پڑی۔

اسٹالن کے دور حکومت کے اختتام کے بعد ان کو دوبارہ  اس خطے میں واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔ سن 1990 میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد کلمیکیا میں بدھ مذہب ایک مرتبہ پھر سے زندہ ہوا۔ اب خاص طور پر دارالحکومت الیستا میں عوامی مقامات پر مندر، بت اور دیگر مذہبی مورتیاں نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہیں۔

کلمیکیا، ایک روحانی مقام

کلمیکیا کی کُل تین لاکھ آبادی میں سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد بدھ مذہب کو مانتے ہیں۔ الیستا کے گولڈن ٹیمپل کو روحانی مرکز خیال کیا جاتا ہے، جس کا افتتاح سن 2005 میں کیا گیا۔ بدھ مت کے روحانی پیشوا دلائی لاما نے کلمیکیا کے اپنے دورے کے دوران اس مقام کا انتخاب کیا تھا۔

گولڈن ٹیمپل میں یورپ کا سب سے بڑا (نو میٹر لمبا) مہاتما بدھ کا مجسمہ
تصویر: DW

گولڈن ٹیمپل میں یورپ کا سب سے بڑا (نو میٹر لمبا) مہاتما بدھ کا مجسمہ بھی تعمیر کیا گیا۔ کلمیکیا میں آج بھی ہزاروں کی تعداد میں زائرین جاتے ہیں۔

الیستا کا گولڈن ٹیمپل، ایک میوزیم

گولڈن ٹیمپل میں ایک عجائب گھر بھی قائم کیا گیا ہے، جس میں کلمیکیوں کی بدھ روایات اور مذہبی تاریخ نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔ یہ پورا گولڈ ٹیمپل سیاحوں اور زائرین کے لیے کھلا رہتا ہے، یعنی سیاح بھی یہاں عبادت یا پھر دعا کر سکتے ہیں۔ وہ بھی بدھ مت کی روایات کے تحت زندگی کے اصل مفہوم کے قریب آنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

ع آ / ا ا (پیتریسیا ژیلاگئی)

بدھ مت کے پاکستانی ماہر، جن کی تعریف دلائی لامہ نے بھی کی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں