1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتایران

ایک یورو نصف ملین ایرانی ریال سے بھی زائد کے برابر ہو گیا

15 فروری 2023

ایرانی کرنسی ریال کی یورپی مشترکہ کرنسی یورو کے مقابلے میں قدر بدھ پندرہ فروری کے روز ایک نئی ریکارڈ حد تک گر گئی اور تہران میں کرنسی کی خرید و فروخت کی مارکیٹوں میں ایک یورو نصف ملین ریال سے بھی زائد کے عوض فروخت ہوا۔

https://p.dw.com/p/4NX6u
Iran currency Rial
تصویر: ecoiran

ایران کے دارالحکومت تہران سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق 15 فروری کے روز ایک طرف یورو کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر مزید کم ہو کر اگر پانچ لاکھ سے بھی زائد ہو گئی تو ساتھ ہی ایک امریکی ڈالر بھی چار لاکھ 70 ہزار ریال کے برابر ہو گیا۔

ایران میں نئے انقلاب کا ناقابل تنسیخ عمل شروع ہو چکا، شیریں عبادی

جنوری کے اواخر میں یورپی یونین، برطانیہ اور امریکہ نے ایران کے خلاف پہلے سے عائد کردہ پابندیوں کے علاوہ نئی پابندیاں بھی لگا دی تھیں۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق سیاسی حوالے سے ایران کے بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ ہو کر رہ جانے کا ایک نتیجہ یہ بھی ہے کہ ایرانی ریال پر دباؤ بڑھ چکا ہے اور اسی لیے اس کی قدر مزید کم ہو گئی ہے۔

زر مبادلہ کا کاروبار کرنے والے اداروں کے مطابق جمود کے شکار ایرانی ایٹمی معاہدے کی بحالی سے متعلق تہران اور عالمی طاقتوں کے مابین بات چیت کے اب تک معطل رہنے کا ایک نتیجہ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملکی کرنسی مارکیٹیں مزید بےیقینی کا شکار ہو گئی ہیں۔

ایران میں مظاہرے، اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن

یہ انہی اقتصادی مشکلات کے سبب ہوا کہ ایران اب مشرق کی طرف سے اپنے خارجہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور اس وقت ملکی صدر ابراہیم رئیسی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں، جس کا مقصد بیجنگ اور تہران کے مابین اقتصادی اور تجارتی روابط کو ترقی دینا بھی ہے اور کئی شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں اور یادداشتوں کو حتمی شکل دینا بھی۔

م م / ش ر (ڈی پی اے، اے ایف پی)