1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کی نئی عسکری حکمتِ عملی کے تحت فوج میں کمی

6 جنوری 2012

مريکی صدر بارک اوباما خالی خزانے اور رياست کو درپیش بھاری قرضوں کے بوجھ کی وجہ سے فوج ميں کمی کرنا چاہتے ہيں۔ اُنہوں نے ايک نئی فوجی حکمت عملی پيش کی ہے، جس کے ذريع اربوں ڈالر بچائے جائيں گے۔

https://p.dw.com/p/13fXK
تصویر: dapd

ابھی امريکی صدر باراک اوباما نے فوجی اخراجات ميں کمی کا منصوبہ پيش بھی نہيں کيا تھا کہ طيارہ ساز کمپنی بوئنگ نے ملازمتوں ميں تخفيف اور اپنا ايک کارخانہ بند کر دينے کی دھمکی دے دی۔ ريپبليکن پارٹی کے عہدہء صدارت کے مقبول اميد وار رک سينٹورم نے بھی اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ يہ اوباما کا مخصوص طريقہء کار ہےکہ وہ اہم رياستی اخراجات ميں کمی کرکے فلاحی رياستی منصوبوں پر زيادہ رقم خرچ کرنا چاہتے ہيں۔

ليکن نيٹو کی کوسووو جنگ کے سابق کمانڈر اور ڈيموکريٹ جنرل ويسلی کلارک نے اس کی حمايت کرتے ہوئے کہا کہ صحيح دفاعی حکمت عملی تو ضروری ہے ليکن زيادہ بڑی فوج ضروری نہيں ہے۔

صدر اوباما نے اپنے فوجی بچت کا منصوبہ امريکی وزارت دفاع ميں خود پيش کيا اور کہا کہ اس کی وجہ امريکی بجٹ کا بھاری خسارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی جنگ کے خاتمے اور افغانستان جنگ کے مجوزہ خاتمے کی وجہ سے فوج کو نئے سرے سے ترتيب دينا اور مستقبل کی ذمہ داريوں کا تعين کرنا ہو گا: ’’خفيہ ادارے، دہشت گردی کے خلاف جنگ، نگرانی اور جاسوسی، بڑے پيمانے پر تباہی پھيلانے والے ہتھياروں کا مقابلہ اور ايسے علاقوں میں کارروائی کرنا جہاں ہمارے دشمن ہميں داخل نہيں ہونے دينا چاہتے۔‘‘

صدر اوباما امريکی وزارت دفاع ميں تقرير کے دوران
صدر اوباما امريکی وزارت دفاع ميں تقرير کے دورانتصویر: dapd

اس ليے خصوصی دستوں، ڈرونز اور سائبر وار پر زيادہ رقم خرچ کی جائے گی۔ دوسری طرف فوج ميں 50 ہزار سے بھی زيادہ کی تخفيف کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی نئے غيرملکی اہداف پر زيادہ توجہ دی جائے گی۔ اوباما نے کہا کہ ايشيا بحرالکاہل کے علاقے ميں امريکی موجودگی ميں اضافہ کيا جائے گا اور يہی پاليسی مشرق وسطیٰ کے بارے ميں بھی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ يورپ ميں امريکی فوج ميں 4000 کی تخفيف کی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے يہ بھی کہا: ’’ ہماری فوج کم ہو جائے گی، ليکن دنيا کو يہ معلوم ہونا چاہيے کہ امريکہ اپنی فوجی برتری کو قائم رکھنا چاہتا ہے، ايسے فوجی دستوں کے ذريعے جو برق رفتار اور لچکدار اور تمام حالات اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے ليے تيار ہوں گے۔‘‘

صدر اوباما نے کہا کہ مستقبل ميں بھی امريکی دفاعی بجٹ دنيا ميں اُس کے بعد آنے والے دس مجموعی فوجی بجٹوں سے زيادہ ہوگا۔

رپورٹ: ريوڈيگر پاؤلرٹ، واشنگٹن / شہاب احمد صديقی

ادارت: ندیم گِل