1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہامریکہ

امریکہ میں برفانی طوفان سے نظام زندگی درہم برہم

23 فروری 2023

برفانی طوفان کے باعث فضائی سفر میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں اور ہزارہا گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ سینکڑوں اسکول بھی بند رہے۔ امریکی محکمہ موسمیات نے جمعرات کے روز مزید برف باری اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Ntfh
USA | Schnee im Yosemite National Park
تصویر: Tayfun Coskun/AA/picture alliance

امریکہ میں ایک شدید برفانی طوفان نے ملک کے شمالی اور بالائی مغربی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تیز ہواؤں اور شدید برفباری کے باعث بدھ بائیس فروری کو ویسٹ کوسٹ اور گریٹ لیکس کے درمیاں ایک وسیع رقبے پر دو فٹ تک برف کھڑی ہوگئی۔

اس برفانی طوفان کی وجہ سے ہوائی سفر میں رکاوٹوں کا بھی سامنا رہا۔ ساتھ ہی ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور سینکڑوں اسکول بند رہے۔ امریکی ویب سائٹ پاور آؤتیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق اس دوران لاکھوں مکانات اور دیگر املاک کو بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہی۔

بم سائیکلون: امریکہ میں برفانی طوفان سے درجنوں افراد ہلاک

مڈ ویسٹ میں منیاپولس کا شہر اس طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے، جہاں تقریباﹰ 20 انچ برف باری کے ساتھ 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر وہاں 'وائٹ آؤٹ' ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

USA | Schneesturm in Utah
طوفان کے امریکہ کی دیگر ریاستوں کی طرف بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے اور اس بنا پر حکام نے 50 ملین سے زائد شہریوں کے لیے خراب موسم کا انتباہ جاری کیا ہے۔تصویر: Kristin Murphy/The Deseret News/AP/picture alliance

اس طوفان کے امریکہ کی دیگر ریاستوں کی طرف بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے اور اس بنا پر حکام نے 50 ملین سے زائد شہریوں کے لیے خراب موسم کا انتباہ جاری کیا ہے۔

امریکہ کی قومی موسمیاتی سروس (این ڈبلیو ایس) نے پیش گوئی کی ہے کہ آج بروز جمعرات کچھ علاقوں میں دو فٹ برف باری کے ساتھ  95 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ لاس انجیلس کے قریب عموماﹰ گرم رہنے والے علاقوں میں بھی شدید برفباری متوقع ہے۔

خراب موسم میں سفر دشوار

این ڈبلیو ایس سے منسلک افسران نے تنبیہ کی ہے کہ "سرد موسم میں آنے والا ایک تاریخی طوفان" ریاست مینیسوٹا میں سفر کرنا ناممکن بنا سکتا ہے۔

" مینیسوٹا کے دارالحکومت سینٹ پال کے میئر میلون کارٹر کا اس حوالے سے کہنا تھا، "ہم ایک ایسے طوفان کے لئے تیاری کر رہے جو اب تک مینیسوٹا کی تاریخ کے بڑے طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔"

USA | Schneesturm in Ohio
میری لینڈ کی ریاست میں محکمہ موسمیات کے افسران کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے اپر مڈ ویسٹ کے علاقے میں سفر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ تصویر: George Frey/AFP/Getty Images

ساؤتھ ڈکوٹا کی ریاست میں واقع شہر سو فالز میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد  سے نیچے گر گیا اور شدید برفباری کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا۔دریں اثنا امریکہ کے مشرقی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد نیو انگلینڈ میں موٹر سائیکل سواروں کو سڑکوں پر پھسلن کے بارے میں خبردار کر دیا گیا۔ 

ٹیکساس کا طوفان ’ویک اپ کال‘ تھی، وائٹ ہاؤس کی مشیر

میری لینڈ کی ریاست میں محکمہ موسمیات کے افسران کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے اپر مڈ ویسٹ کے علاقے میں سفر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ برف سے ڈھکے بجلی کے تار اور گرے ہوئے درخت بدھ اور جمعرات کو بجلی کی بندش کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

م ا / ش ر(روئٹرز، اے ایف پی)